حیدرآباد ۔ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کےلئے برونز میڈل جیتنے والی بیڈمینٹین کھلاڑی پی وی سندھو کی حیدرآباد آمد پر ایرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔سندھو کے ساتھ ان کے کوریائی کوچ پارک ٹائی سانگ بھی موجود تھے۔اس موقع پر تلنگانہ کے وزیر اسپورٹس وی سرینواس گاوڈ،اسپورٹس اتھاریٹی اور تلنگانہ اے وینکٹیشور ریڈی، کمیشنر آف پولیس سائبرآباد وی سی سجنرآئی پی ایس ، ایرپورٹ حکام اور دیگر کی جانب سے کھلاڑی اور کوچ کو تہنیت پیش کی گئی۔ایرپورٹ پر تلنگانہ کے وزیر اسپورٹس نے سندھو اور انکے کوچ کا خیر مقدم کرنے والے افراد کی قیادت کی ۔کھلاڑی کی آمد کے بعد ان کی گلپوشی کرنے کے علاوہ کھلاڑی کو انکی ریکارڈ کامیابی پر مبارک باد بھی دی گئی ۔
یادر ہے کہ ہندوستان کی چمپئن کھلاڑی پی وی سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوکیو اولمپکس میں کھیلے گئے برونز میڈل کے مقابلے میں چین کی ہی بنگ جیاؤ کو 15-21،13-21 سے شکست دی اور بیڈمنٹن سنگلز مقابلے میں برونز میڈل جیتا ۔ سندھو اس کے ساتھ ہی اولمپکس میں مسلسل دو میڈل جیتنے والی ملک کی دوسری کھلاڑی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ پہلوان سشیل کمار نے انجام دیا تھا ، جنہوں نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں برونز اور2012 لندن اولمپکس میں سلور میڈل جیتا تھا۔ سندھو نے 2016 میں سلور میڈل اور رواں ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتا۔
جیسے ہی سندھو نے برونز میڈل جیتا ، ہندوستان کے واحد اولمپک انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے سندھو کوجیت کے لئے ٹویٹر پر مبارکباددی۔سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے ، مرکزی کھیل وزارت نے کہا ، چمپئن آپ کو بہت بہت مبارکباد ۔سندھو کو گزشتہ ریو اولمپکس کے فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس بار بھی وہ سیمی فائنل میں چینی تائی پے کی تائی جو ینگ سے ہارگئیں لیکن انہوں نے برونز میڈل کے لیے راست گیموں میں چین کے بنگ ژیاؤ کو شکست دی۔