نئی دہلی ۔ گوا پولیس نے سوئمنگ کوچ کے خلاف عصمت ریزی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب گوا سوئمنگ اسوسی ایشن (جی ایس اے) کے سوئمنگ کوچ سرجیت گنگولی کے خلاف ان کی ٹریننگ میں موجود 15 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کوچ کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی ہے۔ اس ضمن میں وزیراسپورٹس کرن رجیجو نے وعدہ کیا ہیکہ خاطی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جی ایس اے نے اس واقعہ بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے کوچ گنگولی کو برطرف کردیا ہے جبکہ ان کے خلاف آئی پی سی کے دفعات 376 (عصمت ریزی) اور 354 (بدسلوکی) اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں جنسی ہراسانی سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے قانون پوکسو کے تحت بھی ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر کپل نائیک نے کہا ہیکہ گنگولی کی ہنوز گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے کیونکہ وہ کہاں ہے اس کا ہنوز علم نہیں ہوسکا ہے۔
علاوہ ازیں جی ایس اے کے سکریٹری سید عبدالمجید نے میڈیا نمائندوں کو مطلع کیا ہیکہ کوچ گنگولی کا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے کیونکہ بنگال سے تعلق رکھنے والی لڑکی اور کوچ کے واقعہ کی ویڈیو ہم نے دیکھی ہے۔ یاد رہے جی ایس اے نے تقریباً ڈھائی برس قبل گنگولی کو کوچ کے عہدہ پر فائزکیا تھا۔