Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگسکندرآباد میں 324 غیر قانونی ٹیلی کام ٹاورس موجود،عوام کی صحت کو...

سکندرآباد میں 324 غیر قانونی ٹیلی کام ٹاورس موجود،عوام کی صحت کو سنگین خطرات

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ (ایس سی بی) کے علاقوں میں تقریبا 324 غیر قانونی ٹیلی کام ٹاورس موجود ہیں جو کہ ایک جانب ایس سی بی کی آمدنی کو نقصان پہنچا رہے ہیں تو دوسری جانب 42 کلومیٹر کے احاطے پر موجود اس علاقے میں بسنے والے عوام کے لیے صحت کے سنگین خطرات کو بھی بڑھا رہے ہیں ۔ایس سی بی حکام کے مطابق ٹیلی کام کمپنی اور مالک مکان کے درمیان معاہدے کے تحت مکان یا عمارت کی چھت پر ٹیلی کام ٹاور نصب کردیا جاتا ہے جس سے مالک مکان کو ماہانہ 15 تا 60 ہزار روپے کرایہ حاصل ہورہا ہے جو غیر مجاز طریقے سے حاصل کی جانے والی آمدنی ہے ۔

ٹیلی کام کمپنیوں اور عوام کے درمیان معاہدے کے تحت نصب کیے جانے والے ٹیلی کام ٹاورس سے ایک جانب ایس سی بی کی آمدنی کو نقصان ہو رہا ہے تو دوسری جانب عوام کی صحت کو بھی مسائل درپیش ہیں۔  قاعدہ کے مطابق ٹیلی کام کمپنی اور جس مکان  یا عمارت پر ٹیلی کام ٹاور نصب کیا جاتا ہے اس کے لئے ایس سی بی کے حکام سے نو ابجیکشن سرٹیفیکٹ ( این او سی) حاصل کرنی ہوتی ہے جس کے ذریعے ایک جانب جہاں ایس سی بی کے حکام عوام کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے مقامات کی نشاندہی کرتے ہیں تو وہیں ایس سی بی کی فیس بھی ٹیلی کام کمپنیوں کو ادا کرنی ہوتی ہے لیکن اس کے برعکس ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے راست مالک مکان سے رابطہ کرتے ہوئے گھر پر ٹیلی کام ٹاور نصب کر دیا جارہا ہے جس سے ایک جانب ایس سی بی کی آمدنی کو نقصان تو دوسری جانب عوام کی صحت کو بھی نقصان ہو رہا ہے ۔

ایس سی بی کے جوائنٹ ایگزیکٹو آفیسر رام سروپ ہریتوال نے اس اس موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ٹیلی کام ٹاورس بعض ایسے مقامات پر بھی نصب کر دیے جارہے ہیں جس سے عوام کو صحت کے علاوہ آمدورفت کے مسائل بھی پیدا کر رہے ہیں لہذا ہم نے 42 کلومیٹر طویل ایس سی بی کے حدود میں غیر قانونی ٹیلی کام ٹاورس کا سروے کروایا ہے جس کے بعد 134 مقامات پر 324 غیر قانونی ٹیلی کام ٹاور کی نشاندہی کی گئی ہے اب اس کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں اور عمارت کے مالک کے خلاف نوٹسیں جاری کی جائیں گی پھر آگے کی کارروائی کی جائے ۔