ریاض ۔ سعودی عرب میں پہلی مرتبہ سیاحتی ویزا جاری کیے جانے کے 10 دنوں میں ہی 24 ہزار سیاح عرب ریاست پہنچ گئے ہیں ۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے اپنی معیشت کا انحصار تیل سے ہٹا کر سیاحت کی جانب لانے کے لیے گزشتہ ماہ 27 ستمبر سے ابتدائی مرحلے میں دنیا کے 49 ممالک کو آن لائن ویزا جاری کرنے کی سہولت متعارف کروائی ہے۔سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل نے سعودی وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 10 دنوں میں 24 ہزار غیر ملکی سعودی عرب میں سیاحتی ویزے پر داخل ہوئے ہیں۔ 27 ستمبر تک اسلامی ریاست کی جانب سے صرف مسلمان زائرین، ملازمت کے لیے آنے والے غیر ملکیوں اور کھیلوں اور ثقافتی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والوں کو ویزا جاری کیا جاتا تھا۔
6 اکتوبر کو سعودی حکومت نے سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی غیر ملکی خاتون کو کرائے پر ہوٹل حاصل کرنے اور اپنے ساتھ نامحرم شخص کو ساتھ رکھنے کی اجازت بھی دے دی۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے نظریہ 2030 اصلاحاتی پروگرام کا اہم جز سیاحت کا فروغ اور عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا تیل سے انحصار سے خاتمہ ہے۔آن لائن ویزا سہولت حاصل کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق شمالی امریکہ، یورپ و ایشیا کے 49 ممالک آن لائن ویزا کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے سیاحتی ویزا جاری کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب کہ یہ خبریں سامنے آ رہی کہ سعودی عرب کی تیل کی آمدنی میں مسلسل کمی آرہی ہے اور حکومت تیل کی کمائی پر انحصار کم کرنے کے لیے سیاحت اور تفریح سمیت دیگر متبادل ذرائع میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔جہاں سعودی حکومت نے سیاحتی ویزوں کے اجراء کا اعلان کیا تھا، وہیں غیر ملکی خواتین کے عبایا پہننے کے شرط کو بھی ختم کردیا تھا۔اب سعودی عرب نے دنیا بھر کے 49 ممالک کے آن لائن ویزا سہولت فراہم کردی ہے۔
آن لائن ویزا سہولت حاصل کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق شمالی امریکہ، یورپ و ایشیا کے 49 ممالک آن لائن ویزا کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں کوئی بھی افریقی ملک شامل نہیں اور نہ ہی مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کا کوئی ملک شامل ہے۔ویب سائٹ میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ جن اہم ترین ممالک کا نام فہرست میں شامل نہیں انہیں ویزا جاری کیا جائے گا یا نہیں، تاہم یہ واضح ہے کہ جن ممالک کا نام فہرست میں شامل نہیں وہ آن لائن ویزا کی سہولت حاصل نہیں کر سکیں گے۔
آن لائن ویزا کی سہولت کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ میں پاکستان، ترکی، انڈونیشیا، مصر، فلسطین و بنگلہ دیش سمیت دیگر اہم ترین اسلامی ممالک کا نام بھی شامل نہیں۔آن لائن ویزا کی ویب سائٹ پر آبادی کے اعتبار سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک ہندوستان کا نام بھی شامل نہیں اور نہ ہی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے کسی دوسرے ملک کا نام شامل ہے۔آن لائن ویزا کی سہولت حاصل کرنے والے ممالک میں سب سے زیادہ یورپی ممالک شامل ہیں، فہرست میں 38 یورپی ملک جب کہ شمالی امریکہ سے محض 2 ممالک امریکہ اور کینیڈا شامل ہیں۔
فہرست میں ایشیا سے چین، بشمول ہانگ کانگ، مکاؤ و تائیوان، ملائیشیا، سنگاپور، جاپان، جنوبی کوریا، برونائی اور قازقستان شامل ہیں۔آن لائن ویزا کی سہولت حاصل کرنے والے ممالک میں بحر اوقیانوس کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا نام بھی شامل ہے۔ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ 49 ممالک کے افراد گھر بیٹھے محض چند منٹ میں آن لائن ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔آن لائن درخواست دینے کا عمل انتہائی آسان رکھا گیا ہے، جس کے تحت درخواست گزار کو صرف پاسپورٹ اور آن لائن رقم جمع کروانے سمیت اپنا ای میل دینا پڑے گا۔