تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قد آور قائد و وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے جمعہ کے دن سدی پیٹ کے ابراہیم پور میں ایک جلسہ عام میں یہ ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہ وہ سیاست سے سبکدوش ہوجانا چاہتے ہیں، سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلینے کے باوجود میں عوام کی خدمت انجام دیتا رہوں گا۔ سیاست سے خوشیوں کے ساتھ سبکدوش ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ آپ تمام سے مجھے بے پناہ پیار و محبت ملا ہے۔ یہی میری زندگی کے لئے کافی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ہریش راؤ نے عوام سے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ووٹ نہ دیں۔ اگر کانگریس کو ووٹ دے کر اقتدار سونپا گیا تو وہ تمام صنعتیں آندھرا پردیش منتقل کردیں گے جس سے ہماری ریاست کے عوام کا بڑا نقصان ہوگا۔ مسٹرہریش راؤ جنہوں نے ابراہیم پور کو اختیار کیا ہے پچھلے انتخابات میں ان کی تائید و حمایت کرنے پر دیہاتیوں سے اظہار تشکر کیا۔