Tuesday, April 22, 2025
Homeاقتصادیاتسیتارمن49 سال کے بعد بجٹ پیش کرنے والی دوسری خاتون

سیتارمن49 سال کے بعد بجٹ پیش کرنے والی دوسری خاتون

بدلی روایت کپڑے میں لپیٹ کر لائیں بجٹ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ نرملا سیتارمن نے 49 سال کے بعد بجٹ پیش کرنے والی ہندوستان کی دوسری خاتون وزیرخزانہ ہونے کااعزازحاصل کیا ہے ۔ سیتارمن نے نریندر مودی حکومت کی دوسری مدت کا پہلا بجٹ پیش کیا۔ پچھلی حکومت میں ارون جیٹلی وزیر مالیات تھے لیکن ان کے بیمار ہونے اور کابینہ میں شامل ہونے سے انکار کرنے کے باعث اس بار سیتارمن کو وزیر خزانہ جیسے اہم وزارت کی ذمہ داری سونپی گئی ۔

 سیتارمن بجٹ پیش کرنے کے لئے پہلی مکمل خاتون وزیر خزانہ بن گئی۔ قبل ازیں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی بجٹ پیش کرنے والی پہلی خاتون تھیں لیکن اس وقت ان کے پاس وزیر اعظم کے عہدے کے ساتھ وزیر مالیات کا اضافی عہدہ بھی تھا۔ اندرا گاندھی نے28 فروری1970کو وزیر مالیات کے طور پر پہلا بجٹ پیش کیا تھا۔ سال 2000 سے پہلے عام بجٹ فروری کے آخری کاروباری دن میں شام میں پانچ بجے پیش کیا جاتا تھا ۔ سال2001 میں اٹل بہاری واجپائی کے وزیر اعظم کے عہد کے دوران بجٹ کا وقت بدل دیا اور اسے پہلی مرتبہ دن میں11 بجے پیش کیا گیا ۔ یہ بجٹ وزیر خزانہ یشونت سنہا نے پیش کیا تھا۔

 آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر مالیات آر کے شن مکھم چیٹی 1947-49 تھے ۔ سابق وزیر اعظم مرارجی دیسائی ملک میں سب سے طویل مدت تک وزیر مالیات رہے ۔ وہ سب سے پہلے 1959 سے 1964 ، پھر 1967 سے 1970 تک وزیر مالیات کے عہدے پررہے ۔ اس کے بعد وہ 1977 سے 1979 بھی وہ اس عہدے پر رہے ۔ سب سے زیادہ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز بھی صرف مرارجی دیسائی کو ہے ۔ انہوں نے جملہ دس بجٹ پیش کیے ، جن میں سے آٹھ مکمل اور دو عبوری بجٹ تھے ۔

 ملک کی مکمل خاتون وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے نریندر مودی حکومت کے دوسری مدت کا پہلا بجٹ پیش کرنے کے دوران برسوں قدیم روایت کو تبدیل کردیا۔ وزیر خزانہ لوک سبھا میں بجٹ پیش کرنے کے لئے جب اپنی وزارت سے باہر آئی تو ان کے ہاتھ میں اس موقع پرسابقہ وزراءخزانہ کے ہاتھوں میں نظر آنے والا سرخ رنگ کا بریف کیس نہیں بلکہ اسی رنگ کا اشوک نشان والا مخملی کپڑے کا ایک پیکیٹ تھا جس میں بجٹ رکھا ہوا تھا۔

چیف اقتصادی مشیر سبرامنیم نے بریف کیس کی جگہ سرخ رنگ کے کپڑے میں بجٹ لانے کی وجہ بتائی اورکہا، یہ ہندوستانی روایت ہے اور مغرب کی غلامی سے نکلنے کی ایک علامت ہے ۔ یہ بجٹ نہیں بہی کھاتہ ہے ۔آزاد ہندوستان کا پہلا عام بجٹ26 نومبر1947 کو اس وقت کے وزیر مالیات آر کے شن مکھم چیٹی نے پیش کیا تھا۔ اس وقت بجٹ کو چمڑے کے بیگ میں رکھ کر لایا گیا تھا۔