حیدرآباد۔ حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج جو سید عابد علی کے بعد دوسرے حیدرآبادی فاسٹ بولر ہیں ان کیلئے آج کا دن تاریخی اور یادگار رہا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کی شروعات آسٹریلیا میں کی ہے ۔حال ہی میں اپنے والد سے محروم محمد سراج کو میدان میں ٹیم کے سینئر اسپنر روی چندرن اشون نے ہندوستانی ٹوپی حوالے کی۔میلبورن کے کرکٹ گراونڈ پر آسٹریلیا کے خلاف یہ دوسرا ٹسٹ میچ ہے ۔اس طرح 26 سالہ فاسٹ بولر ہندوستانی کیپ حاصل کرنے والے 298 ویںکھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ اسی میچ میں شبھمن گل 297 ویںکھلاڑی بن گئے جنہوں نے بھی اپنے ٹسٹ کیرئیر کی اسی میچ سے شروعات کی۔سراج کے والد آٹو ڈرائیور تھے جن کا حال ہی میں انتقال ہوا۔ محمد سراج عابد علی کے بعد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کاآغاز آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میںکیا۔عابد علی نے 1966-67کی سیریز میں ایڈیلیڈ میں اپنا پہلا ٹسٹ میچ کھیلا تھا اور اب اسی نوابوں کے شہر سے تعلق رکھنے والے محمد سراج نے دسمبر 2020 میں اپنے ٹسٹ کیرئیر کی شروعات بھی آسٹریلیا میں کی ہے ۔بی سی سی آئی نے سراج کو کیپ حوالے کرنے کی مختصر ویڈیو ٹوئیٹ کی ہے ۔
سراج کی پہلی وکٹ پر حیدرآباد میں خوشی
حیدرآبادی کرکٹر محمد سراج جنہوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کی شروعات آج ملبورن میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوسرے میچ سے کی کو پہلی وکٹ حاصل ہونے پرحیدرآباد میں ان کے چاہنے والوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔جیسے ہی ٹی وی سیٹس پر براہ راست میچ میں سراج کو وکٹ لیتا ہوادکھائی دیا، شہر کے کرکٹ شائقین اور ان کے مداحوں میں کافی جوش وخروش دیکھا گیا اور تمام نے جشن مناتے ہوئے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔پہلی وکٹ حاصل کرنے کے لئے ان کو 43گیندوں کاانتظارکرنا پڑا۔انہوں نے خطرناک لابوسچنگے کو شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ کروایاجنہوں نے گیند کو لگ سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ گل کے ہاتھوں میں گیند تھمابیٹھے ۔حالیہ دنوں میں یہ لابوسچنگے کافی بہتر فارم میں نظر آئے ہیں۔واضح رہے کہ قبل ازیں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی کھلاڑی قومی ٹیم کے لئے نمائندگی کرچکے ہیں اور ملک کا نام روشن کرچکے ہیں۔ان میں قابل ذکرسابق کپتان محمد اظہرالدین،شیولال یادو، وی وی ایس لکشمن،وینکٹ پتی راجو اور ارشد ایوب قابل ذکر ہیں۔
سراج کا متاثر کن مظاہرہ
آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹسٹ میں سب کی نظریں حیدرآبادی فاسٹ بولر پر مرکوز تھیں کیونکہ وہ اس مقابلے کے ذریعہ اپنے ٹسٹ کرئیر کا آغاز کررہے تھے ۔سراج نے اپنے پہلے ہی ٹسٹ میں مایوس نہیں کیا بلکہ بولنگ اور فیلڈینگ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی امیدوں پر پورا اترے۔محمد سراج کو زخمی محمد سمیع کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو وکٹ لئے جس میں آسٹریلیائی اننگز میں سب سے زیادہ48 رنز بنانے والے مانرس لابوشین کا وکٹ بھی شامل ہے ۔ سراج نے گیندکے علاوہ اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے دوکیچ بھی لئے ۔یادر رہے کہ محمد سراج نے آئی پی ایل میں ویراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیالنجرس بنگلور کےلئے بھی بہتر مظاہرہ کیا تھا ۔