Monday, June 9, 2025
Homeبین الاقوامیشارجہ میں بے کار فرنیچر باہر پھینکنے پر بھاری جرمانے کا اعلان

شارجہ میں بے کار فرنیچر باہر پھینکنے پر بھاری جرمانے کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

شارجہ ۔ شہری حفاظتی انتظامات کی دیکھ بھال کرنے والی اتھارٹی (ایس پی ایس اے) نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی شہری یا غیر ملکی  شارجہ میں اپنے گھر کے باہر یا ایسی جگہوں پر جہاں سے گزر مشکل ہو خصوصاً سیڑھیوں اور اسی طرح کے دیگر راستوں پر گھر کا پرانا فرنیچر اور کباڑ نہ پھینکیں اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

حکام نے کہا ہے کہ اس سے لوگوں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آئندہ خلاف ورزی پر 10 ہزار درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایس پی ایس اے کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ اپنا پرانا فرنیچر اور کباڑسڑکوں اورعمارت میں ایسے مقامات  پر رکھ دیتے ہیں جس سے سیڑھیوں پر اترنے چڑھنے خاص طور پر ہنگامی صورت حال میں کافی مشکل پیش آتی ہے ایسی صورت میں مسائل پیدا ہوتے ہیں اس لیے کسی بھی جگہ اس قسم کی اشیا رکھی اور پھینکی نہ جائیں اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

عہدیدار نے کہا ہے کہ ایس پی ایس اے کی طرف سے17علاقوں میں 4345 عمارتوں کا معائنہ کیا گیا اور ان میں ہونے والی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ایس پی ایس اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہاہے کہ ہنگامی صورت حال کے دوران فرنیچر اور دیگر ردی اشیا کو برآمدوں اور سیڑھیوں پر چھوڑنا خطرناک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رواں سال پانچ ہزارعمارتوں کا جائزہ لینے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جس کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا لوگ اپنی حفاظت اور تحفظ کے کیا اقدامات کئے ہوئےہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمارت کے  مالکان اور دیگر لوگوں کو چاہیے کہ آگ سے بچاؤ کے لیے عمارت میں انتظامات مکمل رکھیں تاکہ ضرورت کے وقت کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ہماری ٹیم کا کام عمارت میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ انہیں درست کیا جائے اور مستقبل میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو یہاں رہتے ہوئے کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔اس سال کے اختتام سے قبل مزید تجارتی اور صنعتی عمارتوں کے معائنے کیے جائیں گے تاکہ عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ ناکارہ فرنیچر کے متعلق جو قواعد وہ ضوابط مقرر کئے گئے ہیں ان کی خلاف ورزی نہ ہو۔