عمان ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ان افراد کو پریشانی ہورہی جن کی ایک سے زیادہ بیویاں ہیں کیونکہ ایک بیوی کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ شوہر لاک ڈاؤن کی وجہ سے واپس نہیں آپارہے ہیں لہذا انہیں پاس فراہم کیاجائے۔اردن کی خاتون نے کہا ہے شوہر پہلی بیوی کے پاس ہے۔ کرفیو کے باعث واپس نہیں آرہا اسے کرفیو پاس جاری کیا جائے۔ خاتون نے کہاہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر لگائے جانے والے کرفیو نے اسے اپنے شوہر سے دور کررکھا ہے- شوہرپہلی بیوی کے یہاں گیا ہوا تھا لیکن کرفیو لگ جانے کی وجہ سے یہاں نہیں آسکتا کرفیو پاس کے بغیر اس کا شوہر اس کے پاس نہیں آسکے گا-
تفصیلات کے مطابق اردنی خاتون نے یہ مطالبہ روتانا ریڈیوچینل کے آن ایئر پروگرام سے رابطہ کرکے کیا ہے۔اردنی خاتون نے کہا ہے اپنے شوہر کی دوسری بیوی ہوں۔اردنی دارالحکومت عمان میں قیام پذیر ہوں۔ میرا شوہرمقررہ وقت کے مطابق اپنی پہلی بیوی کے پاس گیا تھا تاہم کرفیو لگ جانے کی وجہ سے وہ اس کے پاس آنے سے قاصر ہے۔
میرا شوہر میرے پاس آنا چاہتا ہے لیکن کرفیو کی وجہ سےآنہیں سکتا۔ حکام سے اپیل ہے کہ وہ کرفیو پر عمل درآمد کے سلسلے میں انسانی حالات کا خیال کریں۔ میرا مسئلہ خالص انسانی ہے۔ میرے خاوند کو کرفیو پاس جاری کیا جائے۔پروگرام کے دوران ریڈیو اناؤنسر نے اردنی خاتون کے مطالبے پر کہا کہ یہ بھی تو ممکن ہے کہ آپ کا شوہر اس وقت پہلی بیوی کے پاس آپ سے جان چھڑانے کے لیے گیا ہو؟۔
اردنی خاتون نے اناؤنسر کے دعوے کی تردید کی اور کہا کہ میرا شوہر میرے پاس آنا چاہتاہے اس کا مجھے یقین ہے۔یاد رہے کہ خاتون کا شوہر اپنی پہلی بیوی کے پاس 12 دن قبل گیا تھالیکن کرفیو کے باعث اب تک دوسری بیوی کے پاس نہیں آسکاہے۔