نئی دہلی ۔ باوقار رانجی ٹرافی ٹورنمنٹ کا 22-2021 ایڈیشن اب تک بیٹرس کے لیے واقعی دلچسپ ثابت ہوا ہے جس میں ممبئی کے تجربہ کار اجنکیا رہانے اور ابھرتے ہوئے نوجوان یش دھول نے اپنی اپنی سنچریاں بنائی ہیں۔ جب دونوں متاثر کن سنچریوں کا جشن منایا ہی جا رہا تھا ایک اور باصلاحیت بیٹرشکیب الغنی نے فرسٹ کلاس ڈیبیو پر بڑا اسکور بنا کر سرخیوں میں جگہ بنا لی۔ انہوں نے نہ صرف تین ہندسوں کے نشانہ عبور کیا بلکہ اسے کامیابی کے ساتھ ٹرپل سنچری میں بھی بدل دیا۔
بہار کے 22سالہ نوجوان شکیب الغنی نے جمعہ کو کولکتہ کے جاداو پور یونیورسٹی کیمپس سکنڈ گراؤنڈ میں میزورم کے خلاف رانجی ٹرافی پلیٹ گروپ میچ کے دوران شاندار ٹرپل سنچری 341رنز اسکور کئے۔ اگرچہ یہ جاری ڈومیسٹک ٹورنمنٹ کا پہلا 300 ہے،شکیب الغنی نے اس ناقابل یقین اننگز کے ساتھ ذاتی سنگ میل بھی حاصل کیا ہے۔ شکیب الغنی فرسٹ کلاس ڈیبیو پر ٹرپل سنچری درج کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں اور یہ کارنامہ انجام دینے میں انہوں نے 387 گیندوں کے ساتھ 50 باؤنڈریز بھی لگائے۔ رانجی ٹرافی میں بہار کے شکیب الغنی نے سیزن کے پہلے 300 اسکور کیے ہیں۔18 فروری 2022 کو ایک ایسے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب ڈیبیو کرنے والے نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہلی اننگز پر سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا نیا عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔ انہوں نے 405 گیندوں میں 341 رنز بنائے ہیں۔
اس ناقابل یقین ٹرپل سنچری کے ساتھ، 22 سالہ نوجوان نے مدھیہ پردیش کے اجے روہیرا کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 2018/19 رانجی ٹرافی سیزن میں حیدرآباد کے خلاف ایف سی ڈیبیو پر ناقابل شکست 267 رنز بنائے تھے۔ دریں اثنا اپنے انفرادی سنگ میل کے علاوہ،شکیب الغنی بھی بابل کمار کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 500 سے زیادہ رنز کی پارٹنر شپ میں شامل تھے جنہوں نے ڈبل سنچری بھی اسکور کی کیونکہ اس شراکت داری نے بہار کو پہلی اننگز میں 600 سے زیادہ رنز بنانے میں مدد کی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کرنے کے بعد بہار نے ریکارڈ اسکور بنایا۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ میزورم کے بیٹرس گزشتہ ڈیڑھ دنوں میں بہار کی ان فارم بیٹنگ جوڑی کے ذریعہ اپنے گیند بازوں کو سخت محنت کرنے کے بعد کیا جواب دیں گے۔ بہار پہلی اننگز میں بڑا سکور بنانے کے بعد اب یہ کھیل جیتنے کے لیے کوشاں رہے گا۔