Thursday, April 24, 2025
Homesliderعثمانیہ یونیورسٹی کے ڈگری امتحانات جون میں ہوں گے،اتوار کوبھی پرچہ...

عثمانیہ یونیورسٹی کے ڈگری امتحانات جون میں ہوں گے،اتوار کوبھی پرچہ ہونے کا امکان

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: عثمانیہ یونیورسٹی جون کے دوسرے ہفتے میں انڈرگریجویٹ (یو جی) امتحانات لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس بارے میں اعلامیہ یونیورسٹی کی امتحان شاخ کے ذریعہ دو یا تین دن میں جاری کردی جائے گی۔جون  کے دوسرے ہفتے میں شروع ہونے والے ڈگری امتحانات جولائی کے آخر تک جاری رہیں  گے۔ یونی ورسٹی انتظامیہ پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے امتحانات کی تاریخوں پر بھی کام کر رہی ہے اور ان کا جولائی کے دوسرے ہفتے میں آغاز ہونے کا امکان ہے۔

چونکہ وبائی امراض کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے متعدد دفتری دن ضائع ہوچکے ہیں لہذا امکان  ہے کہ  اتوار کے روز بھی یونیورسٹی کے امتحانات ہوں گے۔ تاہم  اس شیڈول کا دارومدار کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے بارے میں حکومت کے فیصلے پر ہوگا۔عثمانیہ یونی ورسٹی کے شعبہ امتحانات کے کنٹرولر ڈاکٹر سریر وینکٹیش نے کہا ہے کہ جون کے دوسرے ہفتے میں انڈرگریجویٹ طلباء کے لئے مین اور بیک لاگ امتحانات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ جب یو جی کے امتحانات مکمل ہوں گے تو پی جی کے امتحانات جولائی میں شروع ہوں گے۔ ہم دو یا تین دن میں ڈگری امتحانات کے لئے اعلامیہ جاری کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کئی سال سے امتحانات میں جسمانی دوری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ہم امتحانات کے دوران طلباء کے درمیان پہلے ہی ایک میٹر جسمانی فاصلہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ اگر ضرورت پیش آئے تو ہم مراکز کی تعداد میں اضافہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امتحان ہالس میں مزید جسمانی فاصلہ بڑھا یا جائے گا۔

دریں اثنا یونی ورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کے لئے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ طلباء کو اب 11 مئی سے 7 جون تک تعطیل ہوگی۔ تعطیلات کا اطلاق پی جی  پروگراموں جیسے ایم اے ، ایم ایس سی ، ایم کام اور دیگر پروگرامس  وغیرہ پر ہوگا ۔