دبئی ۔ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی افواج کے نائب سربراہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ملک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ولی عہد نے مربان ابوظہبی خام تیل کے نئے نرخ نامے کی حکمت عملی بھی مقرر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ٹویٹر پر قوم کو خوشخبری سنائی کہ ملک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جس سے تیل کی عالمی منڈی میں متحدہ عرب امارات کا موقف مزید مضبوط ہوگیا ہے۔شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ابوظہبی میں پٹرول کی سپریم کونسل کا بھی اجلاس ہوا جس میں مربان ابوظبی خام تیل کے نئے نرخ نامے کی حکمت عملی مقرر کی گئی۔یاد رہے کہ ابوظبی میں پٹرول کی سپریم کونسل 1988 میں قائم ہوئی تھی۔ یہ ریاست ابوظہبی میں تیل امور کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ یہی ابوظہبی کی تیل پالیسی مقرر کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ادنوک کی مجلس انتظامیہ کی ترجمانی کا اختیار بھی اسی کو حاصل ہے۔
ابوظہبی کی نیشنل پٹرولیم کمپنی ادنوک1971ءمیں قائم ہوئی تھی۔ اس کا مقصد پٹرول اور گیس کے تمام شعبوں کے امور نمٹانا ہیں۔ ادنوک نے کئی ذیلی آئل کمپنیوں پر مشتمل ایک گروپ بھی قائم کیا ہے۔ آئل ریفائنری اور گیس کے شعبوں میں صنعتوں کا ایک جال بھی بچھا رکھا ہے۔ادنوک کمپنی یومیہ 27 لاکھ بیرل تیل سے زیادہ کی پیداوار کی نگراں ہے۔ اس کی بدولت یہ پوری دنیا میں تیل اور گیس کی 10 بڑی کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے۔پٹرول کی سپریم کونسل کے سربراہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان ہیں۔ ادنوک گروپ16 کمپنیوں پرمشتمل ہے۔یہ پٹرول ، گیس ، پٹرو کیمیکل، ٹرانسپورٹ اور مختلف خدمات انجام دے رہا ہے۔