Sunday, June 8, 2025
Homeٹرینڈنگعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا ہاسٹل خالی کروایا گیا

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا ہاسٹل خالی کروایا گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

علی گڑھ ۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں تشدد کے بعد احتیاطی طور پر پیر کو ہاسٹل خالی کروالیا گیا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے آج سے شروع ہونے والے امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے اور جنوری تک موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اے ایم یو انتظامیہ نے طلبہ سے تعصیلات کے دوران اپنے گھروں کو واپس جانے کی ہدایت دی ہے ۔ طالب علموں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے ضلع انتظامیہ نے خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے جبکہ طویل مسافت کی کچھ ٹرینوں کو روکنے کیلئے علی گڑھ جنکشن ریلوے انتظامیہ کو خط لکھا گیا ہے تاکہ دیگر ریاستوں کے رہنے والے طلبہ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔

یونیورسٹی کے میڈیکل کالج اسپتال میں طبی خدمات فی الحال جاری ہے اگرچہ کیمپس میں بڑی تعداد میں پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس ( آر اے ایف ) کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ شہر میں معمولات زندگی پرسکون ہے لیکن یونیورسٹی کیمپس سے دوکلومیٹر کے فاصلے پر واقع دودھ پور ، زکریا مارکیٹ اور جمال پور مارکیٹ میں دوکانیں جزوی طور پر کھلی رہیں۔

قابل غور ہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اتوار کو اے ایم یو میں طلبہ مشتعل ہو گئے تھے ۔ تشدد پراکسائے جانے پر طلبہ نے پولیس فورس پر پتھراؤ کیا جس میں پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) ابھیشیک کمار سمیت تقریبا 20 پولیس عہدیدار اور جوان زخمی ہو گئے تھے ۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور طاقت کا بھرپوراستعمال کیا۔ اس سلسلہ میں تقریبا20 طلبہ کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ کیمپس میں فی الحال امن وامان ہے اگرچہ احتیاط کے طور پر پولیس کے جوان گشت کر رہے ہیں۔ افواہوں سے بچنے کیلئے ضلع میں انٹرنیٹ کی خدمات روک دی گئی ہے ۔