ریاض ۔سعودی عرب میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران عمرے کا سیزن عروج پر ہے اور بیرونی اور مقامی زائرین کی کثیر تعداد میں آمد کی وجہ سے مکہ مکرمہ کے ہوٹل 70 فیصد تک مصروف ہوگئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ، ریستورانوں اور مارکیٹنگ میں سرگرمیاں نقطہ عروج کو پہنچ گئی ہیں۔
ان دنوں سعودی عرب کے تمام علاقوں سے مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی افراد عمرہ کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے ہوئے ہیں۔ باہر سے بھی لاکھوں زائرین عمرے پر آئے ہوئے ہیں۔
رپوٹ کے مطابق عمرہ سیزن کے ماہر اقتصادیات محمد سعد القرشی نے کہا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات سے ہمارے طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔ ہزاروں مکہ مکرمہ کی روحانی فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ خاص طور پر سعودی عرب کے ان شہروں کے باشندے مکہ مکرمہ کثیر تعداد میں پہنچے ہوئے ہیں جہاں سردی کی شدید لہر آئی ہوئی ہے۔
محمد سعد القرشی کے بموجب چار سو سے زیادہ ہوٹل عمرہ زائرین کے خیر مقدم کی تیاریاں پہلے ہی سے کیے ہوئے تھے۔ مسجد الحرام کے اطراف کے علاقے کے ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی ان دنوں چاندی ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ العزیزیہ، محبس الجن، الششہ اور الروضہ کے علاقوں کے فرنشڈ اپارٹمنٹس بھی عمرہ زائرین سے بھر گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ کا معتدل موسم عمرہ زائرین کو شہر کے سبزہ زاروں اور قومی پارکوں میں سیر و تفریح کی دعوت دے رہا ہے۔ 290 سے زیادہ پبلک پارک مکہ مکرمہ کے مختلف حصوں میں قائم ہیں۔مکہ مکرمہ میں بلدیاتی کونسلوں کے نگرانوں نے تفتیشی دورے بڑھا دیئے ہیں۔ منفی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔سیکیورٹی فورس کے عہدیدار بھی بلدیاتی کونسلوں کے عہدیداروں سے تعاون کررہے ہیں۔