نئی دہلی۔ کانگریس کی کم از کم آمدنی ضمانت اسکیم نیائے پر وزیر اعظم مودی کے طنز اور مذاق پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ملک کے غریبوں کی مفلسی کا مذاق اڑایا ہے جس کے لئے انہیں معافی مانگنی چاہئے ۔کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ نے کہا کہ نیائے اسکیم کانگریس کی غربت کو ختم کرنے کی دنیا کی سب سے بڑی اسکیم ہے جس کے تحت غریب خاندان کے خواتین کے کھاتے میں ہر سال 72 ہزار روپے جمع کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
ہر غریب خاندان کو اس اسکیم کے تحت ہر ماہ چھ ہزارروپے دئے جایں گے ۔ نوٹ بندی کے ذریعہ غریبوں کو ناقابل فراموش گہرا زخم دینے والے مودی نے اب غریبوں کے بہبود کے لئے نیائے اسکیم کا تالی بجابجا کر مذاق اڑایا ہے ۔ ملک کے غریبوں کے لئے بنائی گئی اس اسکیم کی مخالفت کرکے وہ غریبوں کے پیٹ پر لات مارنے کا کام کررہے ہیں۔
اس اسکیم کا مذاق اڑا کر انہوں نے ملک کے 25 کروڑ غریبوں کی مفلسی کا مذاق اڑایا ہے ۔ اس کے لئے وزیر اعظم کو معافی مانگنی چاہئے ۔خیال رہے کہ مودی نے اترپردیش کے میرٹھ میں کانگریس کی نیائے اسکیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی حکومت نے بینک کھاتے کھلوائے تو کچھ عقلمند لوگ کہتے تھے کہ ملک میں بینک ہی نہیں ہے کھاتے کھلوانے سے کیا ہوگا اورآج وہی کھاتوں میں پیسے ڈالنے کی بات کرتے ہیں۔