نئی دہلی ۔ ہندوستان کے لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات میں کامیابی کے بعد بی جے پی نے دوسری معیاد کے لئے 30 مئی کو نئی حکومت تشکیل دی ہے لیکن کابینہ میں کھیل اور تفریحی دنیا سے تعلق رکھنے والے اور خاص کر پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں رسائی حاصل کرنے والے کسی چہرے کو کوئی وزارت نہیں دی گئی ہے۔
اس مرتبہ بھی نریندر مودی وزیراعظم بنے جب کہ ان کی پارٹی کے صدر امیت شاہ کو پہلی مرتبہ وزیر داخلہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح گزشتہ دور حکومت کے اہم وزرا اس مرتبہ حکومتی نظام میں شامل ہیں جن میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے وزیر شامل نہیں ہیں۔ راجناتھ سنگھ کو وزیر دفاع جب کہ ایس جے شنکر کو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ نریندر مودی کی حکومت میں مجموعی طور پر 30 وفاقی وزرا، 24 ممکتی وزیر اور 9 خودمختار مملکتی وزیروں کو شامل کیا گیا ہے، امکان ہے کہ مزید کچھ وزیروں اور مملکتی وزیروں کو شامل کیا گیا جائے گا۔
اسی طرح کچھ مشیروں کو بھی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ خود وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی چند وزارتوں کے قلمدان اپنے پاس رکھے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نریندر مودی نے اس مرتبہ انتخابات جیتنے والی 6 شوبز شخصیتوں اور ایک کرکٹر گوتم گمبھیر کو کابینہ میں شامل نہیں کیا ہے۔ پچھلی حکومت میں بھی نریندر مودی نے شوبز شخصیات کو نطر انداز کیا تھا جب کہ اس مرتبہ بھی نریندر مودی نے سابق کابینہ میں شامل ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی اور پلے بیک سنگر بابل سپریو کو ہی شامل کیا ہے۔ اس مرتبہ مجموعی طور بی جے پی کی ٹکٹ پر 8 شوبز شخصیات لوک سبھا انتخابات کے دنگل میں اتریں تھیں جن میں سے صرف ماضی کی مقبول اداکارہ جیہ پردا کو ہی شکست ہوئی ۔
بی جے پی کے باقی تمام شوبز امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے جب کہ سابق کرکٹر گوتم گمبھیر بھی بی جے پی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ اس مرتبہ سنی دیول، ہیما مالنی، کرن کھیر اورگوتم گمبھیر جیسے افراد کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا، تاہم نریندر مودی نے انہیں مکمل طور پر نظر انداز کردیا۔
انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد کابینہ میں شامل نہ کئے جانے والی شوبز شخصیات میں اداکارہ ہیما مالنی، ان کے سوتیلے بیٹے اداکار سنی دیول، اداکارہ کرن کھیر، گلوکار ہنس راج، اداکار منوج تیواری اور اداکار روی کشن شامل ہیں۔جب کہ بی جے پی نے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو بھی نظر انداز کردیا ہے۔ اس مرتبہ بھی بی جے پی حکومت نے سابق شوبز شخصیات ماضی کی مقبول اداکارہ سمرتی ایرانی اور گلوکار بابل سپریو کو کابینا میں شامل کیا ہے۔ سمرتی ایرانی کو ماضی کی طرح خواتین کی فلاح و بہبود جب کہ بابل سپریو کو انوائرومنٹ اینڈ کلائمنٹ چینج کی وزارت سونپی گئی ہے۔