حیدرآباد ۔ واٹس ایپ کے بغیر آج زندگی کا تصور محال ہے کیونکہ یہ انفرادی امور سے لیکر دفتری امور میں ہر آن اپنے صارفین کو سہولیات اور فائدے پہنچاتی ہے جیسا کہ ہم سبھی یہ جانتے ہیں کہ واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ سروس ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے زائد ہے لیکن اس میں ایک بڑا مسئلہ درپیش ہوتا ہےاور وہ ہے کہ واٹس ایپ کے صارفین کو اپنے موبائل فون کی لازمی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اس کے برعکس ای میل اور فیس بک جیسی سہولیات کےلئے کسی ایک ڈیوائز پر انحصار لازمی نہیں لیکن اس واٹس ایپ میں ویب یا ڈیسک ٹاپ ایپ میں سائن ان کرکے مختلف فیچرز کو استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے لیے بھی فون کو ڈسک ٹاپ کے قریب رکھ کر انٹرنیٹ سے مربوط رکھنا پڑتا ہے اور یہ بھی ضروری ہے کہ ایک واٹس ایپ اکاﺅنٹ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر ہی کام کرتا ہے۔تاہم اب یہ سب کچھ بدلنے والا ہے اور درحقیقت رواں سال واٹس ایپ کی چند بڑی تبدیلیوں میں سے ایک ہوگی۔
واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ وابیٹاانفو کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔اس پلیٹ فارم کی بدولت صارفین اپنے واٹس ایپ اکاﺅنٹ کو متعدد ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے اور اس طرح یہ سروس ایپل کے آئی میسج یا فیس بک میسنجر کی طرح کام کرنے لگے گی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا کیونکہ اس وقت واٹس ایپ کا ایک اہم سیکیورٹی فیچر میسجز کو فون نمبر سےمربوط رکھتا ہے اور صرف صارف کے فون پر ہی محفوظ کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈیسک ٹاپ اور ویب ایپس میں واٹس ایپ کی سہولیات سے استفادہ کے لیے فون کی موجودگی کی ضرورت پڑتی ہے۔دوسری جانب واٹس ایپ کی جانب سے ویب ورژن کو بہتر بنانے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ وابیٹاانفو کی ایک اور رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے یونیورسل ونڈو پلیٹ فارم ایپ کی تیاری کی جارہی ہے جس کے تحت فون بند ہونے پر بھی یہ واٹس ایپ کام کرے گا۔یعنی ویب ورژن استعمال کرتے ہوئے فون کو انٹرنیٹ سےمربوط ( کنکٹ) کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہ بھی صارفین کے لیے بھی بڑی تبدیلی ہوگی کیونکہ صارفین اپنے عزیز و اقارب سے اس وقت بھی رابطے میں رہ سکیں گے جب ان کے پاس فون نہیں ہوگا لیکن کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے۔