Sunday, June 8, 2025
Homesliderلاک ڈاؤن میں نرمی ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں...

لاک ڈاؤن میں نرمی ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک: دنیا کے کئی ممالک کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جمعہ کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی معاشی تباہی کے بعد اب تیل کی طلب میں اضافہ ہوگا۔تیل کی مارکیٹ میں مندی دنیا بھر میں بیشتر ممالک کی جانب سے لاک ڈاؤن اور سفری پابندیوں کی وجہ سے ہوئی تھی۔

کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چین کے بعد امریکہ اور کئی یورپی ممالک نے بڑے شہروں کو لاک ڈاؤن کر کے ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی جس کی وجہ سے تیل کی طلب میں کمی پیدا ہو گئی تھی۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں فی بیرل 47 سینٹس یا ڈیڑھ فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ29.33ڈالر پر پہنچ گیا جبکہ جمعرات کو اس میں ایک فیصد کے قریب کمی واقع ہوئی تھی۔امریکی تیل کی قیمت میں 48 سینٹس یا ڈیڑھ فیصد فی بیرل اضافہ ہوا جبکہ اس سے ایک روز قبل اس کی قیمت میں تقریباً دو فیصد کمی ہوئی تھی۔
اپریل میں تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی کے بعد دوسرے ہفتے برینٹ کروڈ اور امریکی تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔اپریل میں امریکی تیل کی مارکیٹ تباہ ہو گئی تھی، تاہم طلب میں اضافے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے کروڈ آئل اب بھی سمندر میں موجود ٹینکرز اور سٹوریج میں جمع کیا جا رہا ہے۔اوکلاہامہ امریکہ میں تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں رواں ہفتے 4 لاکھ 7 ہزار بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل میں تیل کی طلب میں کمی کے بعد امریکہ میں تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی تھی۔دیگر ممالک کے بعد آسٹریلیا بھی لاک ڈاؤن اور پابندیوں میں نرمی کرنے جا رہا ہے۔ ذرائع نے کہا  ہے کہ حکومت چار ہفتوں میں بتدریج پابندیوں میں نرمی کرے گی۔ فرانس، امریکی ریاست مشی گن اور دیگر کئی ممالک بھی پابندیوں کو کم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔