بنگلور ۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، لیکن کچھ لیڈر ایسے بھی ہیں جنھیں اس وباکی کوئی فکر نہیں ہے۔ کرناٹک میں کچھ ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے جہاں برسراقتدار پارٹی بی جے پی کے رکن اسمبلی نے سینکڑوں مہمانوں کے درمیان دھوم دھام سے اپنا یوم پیدائش منایا اور پھرسبھی کو بریانی بھی کھلائی گئی۔
واقعہ کرناٹک کے گبی ٹاؤن علاقہ کا ہے جہاں تمکور ضلع میں تروویکیرے کے بی جے پی رکن اسمبلی مسلے جے رام اپنا 51ویں سالگرہ کا جشن منانے کے لیے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ انھوں نے سینکڑوں بڑے اور بچوں کے درمیان بڑا سا کیک کاٹا اور وہاں پر بالکل بھیڑ جیسے ماحول کے درمیان کچھ لوگوں کو کھلایا بھی۔ بعد ازاں برتھ ڈے پارٹی میں آئے مہمانوں کو بریانی بھی کھلائی گئی۔
اس برتھ ڈے پارٹی کی کچھ تصویریں سامنے آئی ہیں جن میں وہ ہاتھوں میں دستانہ پہنے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور کیک کاٹ کر لوگوں کو کھلا رہے ہیں۔ ایک تصویر میں وہ اپنے قریب ایک چھوٹے بچے کو کیک کھلا رہے ہیں، غالباً وہ ان کا بیٹا ہے یا پھر کوئی قریبی رشتہ دار۔ بی جے پی رکن اسمبلی تصویر میں بالکل دولہے کی طرح سجے ہوئے اور پگڑی لگائے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پاس میں کچھ بچے ماسک لگائے ہوئے نظر آ رہے ہیں تو کچھ بڑے لوگ بھی ماسک لگائے ہیں جب کہ کئی لوگ بغیر ماسک اور دستانوں کے ہیں۔ حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ سبھی شرکا اس طرح قطار میں کھڑے ہیں جیسے وہ بھول ہی گئے ہیں کہ ہندوستان کسی مہلک بیماری سے جنگ لڑ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں اب تک تقریباً 200 لوگ کورونا کے شکار ہو گئے ہیں ۔ ریاست میں کئی لوگوں کی موت بھی ہو چکی ہے، لیکن ایسے ماحول میں بھی سیاسی لیڈران اپنا برتھ ڈے دھوم دھام سے مناتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ کتنے غیر ذمہ دار اور سماج کے لیے خطرناک بھی ہیں۔