Tuesday, April 22, 2025
Homesliderلکھیم پور کے قصورواروں کی یوگی اورمودی حکومت مددگار:کانگریس

لکھیم پور کے قصورواروں کی یوگی اورمودی حکومت مددگار:کانگریس

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ کانگریس نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے لکھیم پور کھیری مقدمہ میں سپریم کورٹ میں جو کچھ کہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت قانون کوگاڑی  کے نیچے روندنے والے مجرموں کوبچارہی ہے ۔کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمارمشرا کومرکزی کابینہ سے برخاست کرنے کامطالبہ دہرایا اورکہا کہ ان معاملات میں قصورواروں کو فوری گرفتار کیاجانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں دو ججوں کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی تشکیل دے کر معاملے کی تفتیش کی جائے اور پورے مقدمہ کی 30 دن میں جامع تحقیقات کا کام مکمل ہوناچاہیے ۔وزیر مملکت برائے داخلہ غنڈہ گردی سے لوگوں کو دھمکاتے رہے اور اس کے بعد لوگوں کوگاڑی کے نیچے رونددیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ لکھیم پور کھیری مقدمہ میں حکومت نے سپریم کورٹ میں دو اہم بات کہی جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو پیش ہونے کانوٹس دیاگیا ہے ۔ ایسا کبھی ہوتانہیں ہے کہ ملزم کونوٹس دیا جائے لیکن وزیراعظم نریندر مودی اورچیف منسٹر  یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں اس طرح کے عجیب و غریب مقدمات  سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں حکومت نے دوسری حیرت انگیز بات یہ کہی ہے کہ لکھیم پور واقعہ میں فائرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ہے حالانکہ ملزم پیش نہیں ہوا اور نہ ہی معاملے کی تحقیقات ہوئی ہے لیکن اتر پردیش حکومت نے کہہ دیا کہ اسے جائے وقوع پرگولی کے کہیں کوئی ثبوت نہیں ملے ۔ اترپردیش حکومت کی یہ ایک طرح سے ملزمان کو کلین چٹ ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کے خلاف پہلے سے ہی قتل کا مقدمہ چل رہا ہے ۔ یہ بھی ملک کا پہلا مقدمہ  ہوگا جس میں قتل کے معاملے کو ساڑھے تین سال تک دباکررکھا ہے ۔ ملک میں ایسا کوئی کہیں دوسرا معاملہ نہیں ہے جہاں اتنے عرصے سے معاملے کو دباکررکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں بہت سست روی سے کام کررہی ہے اور 3 سے 8 اکتوبر تک اس معاملے میں ایک بھی مجرم کو پکڑا نہیں گیا ہے ۔