بنگلور۔ ہم اکثر سنتے ہیں کہ شادی کرکے گھر بسا لیا یہ بھر کسی جرم کے بعد ممکنہ سزا سے بچنے کے لئے ملک سے فرار ہوکر کسی اور ملک میں نئی دنیا بسا لی لیکن آپ نے کبھی یہ نہیں سنا ہوگا کہ کسی نے ایک نیا ملک بسا لیا ہے لیکن اب ایسا ہوا کہ ہندوستان کی ایک متنازعہ شخصیت نے ایک ملک بسا نے کے علاوہ اس کا پاسپورٹ بھی جاری کرلیا ہے۔
متنازعہ تانترک نتیانند بھلے ہی اپنے خلاف کرناٹک میں درج عصمت ریزی کے ایک معاملہ سے خود کو بچانے کے لئے بغیر پاسپورٹ کے ہندوستان سے فرار ہوا ہو لیکن اس نے اب ایک ناقابل یقین کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ اس نے خود کا ایک پورا ملک آباد کر لیا ہے۔ اس نے اس کا نام کیلاسا رکھا ہے ۔ اب اس کے پاس اس کا خود کا پاسپورٹ بھی ہے۔
نتیانند نے اپنے نئے ملک کی ایک ویب سائٹ بھی متعارف کی ہے۔ اس میں اسے روئے زمین پر ہندووں کا عظیم ملک بتایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق نتیانند نے جنوبی امریکہ میں ایکواڈور میں ایک جزیرہ خریدا ہے اور اسے ایک آزاد اور نیا ملک کہنا شروع کردیا ہے۔
اس کی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا گیا ہے کیلاسا بغیر سرحدوں کا ایک ملک ہے جسے دنیا بھر سے بے دخل کئے گئے ہندوو ¿ں نے بسایا ہے۔ جنہوں نے اپنے ہی ملکوں میں مستند طور پر ہندو مذہب کی پر عمل آوری کا حق کھو دیا ہے۔ اس ملک کا اپنا ایک پاسپورٹ ہے اور نتیانند نے پہلے ہی اس کا ایک آن لائن نمونہ بھی پیش کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ پر اس ملک (کیلاسا) میں ملنے والی سہولیات کے ساتھ اس کی خصوصیات کے بارے میں بھی تفصیل دی گئی ہے۔نتیانند اب لوگوں کو اپنے ملک کا شہری بننے کے لئے مدعو کر رہا ہے۔ ساتھ ہی اس کے نظم ونسق کے لئے وہ لوگوں سے عطیہ بھی مانگ رہا ہے۔ تمل ناڈو کا رہنے والا ہے نتیانند، عصمت دری مقدمہ کا ملزم ہے۔
نتیانند جس کا اصلی نام راج شیکھرن ہے، وہ تمل ناڈو کا رہنے والا ہے۔ وہ سال 2000 میں بنگلورو کے پاس ایک آشرم بنانے کے بعد بااثر شخص ہوگیا تھا۔ 2010 میں نتیانند اس وقت خبروں میں آیا تھا جب اس کا ایک اداکارہ کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں ویڈیو وائرل ہو گیا تھا۔ بعد میں اس پر عصمت ریزی کا الزام لگا تھا اور اسے گرفتارکر لیاگیا تھا۔ اس مقدمہ کے علاوہ عصمت ریزی کے ایک دیگر مقدمہ میں بھی اس پر فرد جرم داخل کی گئی تھی۔