Thursday, April 24, 2025
Homesliderمتھیالی راج کے 10 ہزار رنز مکمل، ہندوستان کو شکست

متھیالی راج کے 10 ہزار رنز مکمل، ہندوستان کو شکست

- Advertisement -
- Advertisement -

لکھنو : سنسنی خیز اور بارش سے متاثرہ تیسرے ونڈے میں لی کی شاندار اور ناقابل تسخیر سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے 6 رنز کی کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پونم راوت کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز اسکور کئے جبکہ جوابی اننگز میں مہمان ٹیم نے 46.3 اوورس میں 223 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے مقابلہ روک دینا پڑا جس کے بعد ڈکورتھ لوئیس نظام کے تحت مہمان ٹیم نے 6 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ مقابلہ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والی لیزی لی نے شاندار 132 رنز کی اننگز کھیلی جس کیلئے انہوں نے 131 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 16 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ دوسرا اعظم ترین اسکور مگنان ڈوفریس نے 37 رنز کی شکل میں بنایا تھا جس کیلئے انہوں نے 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔

ہندوستان کیلئے جولن گوسوامی نے 20 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ راجیشوری گائیکواڈ اور دیپتی شرما نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ہندوستان کیلئے پونم راوت نے 108 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 77 رنز اسکور کئے۔ جنوبی افریقہ کیلئے شبنم اسماعیل نے 46 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ یہ مقابلہ ہندوستانی کپان میتھالی راج کیلئے ریکارڈ ساز مقابلہ ثابت ہوا جنہوں نے 10,000 بین الاقوامی رنز اسکور کرنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ میتھالی راج پہلی ہندوستانی اور دوسری بین الاقوامی کھلاڑی ثابت ہوئی جنہوں نے تمام طرز کی کرکٹ کھیلتے ہوئے 10,000 رنز مکمل کرلئے ہیں۔ 38 سالہ میتھالی جوکہ ہندوستانی ونڈے ٹیم کی کپتان بھی ہیں ، وہ انگلینڈ کی چارلوٹ ایڈورڈس کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والی دوسری بین الاقوامی کھلاڑی بنی  ہیں ۔

میتھالی نے افریقہ بولر اینی بوش کو 28 ویں اوورس میں چوکا لگاتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ میتھالی راج کے اس کارنامہ پر کرکٹ کے چاروں گوشوں سے مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں جس میں بی سی سی آئی نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا چمپین کھلاڑی ہے اور پہلی ہندوستانی کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے 10,000 رنز مکمل کرلئے ہیں ۔ میتھالی راج نے یہ کارنامہ انجام دینے کے بعد اگلی ہی گیند پر مڈوکٹ پر کھڑی مگنان ڈوفریس کو کیچ دے بیٹھیں ۔ میتھالی نے اپنی اننگز میں 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 36 رنز اسکور کئے ۔ میتھالی نے 10 ٹسٹ مقابلوں میں 663 رنز اسکور کئے جس میں 214 ان کا اعظم ترین انفرادی اسکور ہے۔ علاوہ ازیں 212 ونڈے مقابلوں میں 6938 اور 89 ٹی 20 مقابلوں میں انہوں نے 2364 رنز اسکور کئے ہیں جس کے ساتھ ہی مجموعی طور پر بین الاقوامی سطح پر ان کے 10,000 رنز مکمل ہوچکے ہیں۔