وشاکھاپٹنم ۔ محدود اوورس کے کامیاب اور شاندار کھلاڑی روہت شرما کل یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں بحیثیت ٹسٹ اوپنر اپنی نئی اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ نوجوان وکٹ کیپر رشپھ پنت کے مقام پر تجربہ کار ویریدھی مان ساہا کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دی جارہی ہے۔ پنت کے باہر ہونے اور ساہا کے ٹیم میں شامل کئے جانے کے بعد بنگال سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر 22 مہینوں کے دوران ہندوستانی ٹیم کیلئے پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیل رہے ہیں۔
کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہیکہ ہوم سیزن کے پہلے ٹسٹ میں پنت پر ساہا کو ترجیح دی گئی ہے۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں تمام تر توجہ پھر ایک مرتبہ روہت شرما پر ہوگی جوکہ ٹسٹ میں اننگز کا آغاز کریں گے۔ ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کیلئے اننگز کا آغاز مسائل کا شکار ہے کیونکہ کے ایل راہول ویسٹ انڈیز کے دورہ پر ناکام ہوئے تھے جس کے بعد روہت شرما کو بحیثیت اوپنر آزمانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن مہمان ٹیم کے خلاف وجئے نگرم میں منعقدہ سہ روزہ ٹور مقابلہ میں وہ صفر پر آوٹ ہوئے تھے۔
ورلڈ کپ کے دوران روہت شرما نے اپنی کریئر کے شاندار فام میں ہونے کا ثبوت دیا ہے لہٰذا انہیں اب ٹسٹ میں بھی اننگز کے آغاز کی ذمہ داری دی جارہی ہے۔ روہت شرما 27 ٹسٹ مقابلوں میں 39.62 کی اوسط سے 1585 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ ونڈے میں وہ 10 ہزار رنز سے بھی زیادہ اسکور کرچکے ہیں۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہیکہ اگر روہت بحیثیت اوپنر کامیاب ہوجاتے ہیں تو ہماری بیٹنگ مزید خطرناک ہوجائے گی اور اگر روہت اپنے معیار کے مطابق مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کئی ایک مسائل حل ہوں گے۔
دوسری جانب روہت کیلئے یہ کام اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ محدود اوورس کی کرکٹ میں جہاں مقابلہ سفید گیند سے کھیلا جاتا ہے وہیں ٹسٹ کرکٹ روایتی سرخ گیند سے کھیلی جاتی ہے جس سے سوئنگ زیادہ ملنے کے امکانات رہتے ہیں اور روہت کو سوئنگ گیندوں کے خلاف جدوجہد کرتا دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب مہمان ٹیم میں دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر کگیسو ربادا، ورنان فیلینڈر اور لونگی نیگیڈی موجود ہیں جوکہ کسی بھی بہترین بیٹسمین کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ٹور مقابلہ میں روہت فیلینڈر کے خلاف صرف دو گیندوں میں ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔ ٹیم کیلئے دوسری تبدیلی وکٹ کیپر ساہا کی ہے جنہیں پنت پر ترجیح دی گئی ہے۔ میڈل آرڈر میں ہنوماوہاری اور اجنکیا راہنے کے مظاہرے اہمیت کے حامل ہوں گے جوکہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پر کامیاب رہے ہیں۔
بولنگ میں جسپریت بمرا کی عدم موجودگی میں محمد سمیع اور اومیش یادو پر حریف بیٹسمینوں کو آوٹ کرنے کی ذمہ داری موجود ہے۔ دوسری جانب مہمان ٹیم کے اوپنر مارک رام نے ٹور مقابلہ میں سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنے فام کا ثبوت دیا ہے جبکہ میڈل آرڈر میں کپتان ڈوپلیسی اور وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک بیٹنگ شعبہ کی طاقت ہیں۔ ٹسٹ کے ماہر بیٹسمین ٹمبا بووما بھی اپنی اہمیت کو ظاہر کرنے کے خواہاں ہیں۔