Tuesday, April 22, 2025
Homesliderمحمد سراج سے ونڈے میں بھی  بہتر مظاہرہ کی امیدیں

محمد سراج سے ونڈے میں بھی  بہتر مظاہرہ کی امیدیں

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ حیدرآبادی فاسٹ بولرمحمد سراج کی ونڈے سیریز کےلئے ٹیم میں تقریبا دو سال کے بعد واپسی ہوئی ہے ۔ان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز میں ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ بنایاگیا ہے ۔سراج نے اپنا آخری ونڈے میچ آسٹریلیا کے خلاف 15جنوری 2019کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلاتھا۔ان کو مسلسل نمایاں مظاہرہ اور محنت کا صلہ ملا ہے ۔جنوبی افریقہ کے خلاف یہ سیریز تین میچس پر مشتمل ہے اور اس کا پہلا میچ پارل میں 19جنوری کو کھیلاجائے گا۔

ہندوستانی ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد سراج پر بھروسہ کرتے ہوئے حال ہی میں سلکٹرس نے تقریبا دو سال بعد ونڈے سیریز میں شامل کیا ہے ۔سراج مسلسل اپنے کھیل میں نکھارلارہے ہیں اور انہوں نے سنچیورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بتدریج بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اہم وکٹس حاصل کئے ۔سراج، ویراٹ کوہلی کے بااعتماد ساتھی سمجھے جاتے ہیں جن کو ایشانت شرما کی جگہ ٹیم میں شامل کیاگیا تھا اور وہ کوہلی کی امیدوں پر پورا اترنے میں کامیاب رہے ،ان کو مایوس نہیں کیا۔کوہلی جب بھی وکٹ کی ضرورت ہوتی ہے ، سراج کو گیند تھماتے ہیں اور وہ بھی کوہلی کو مایوس نہیں کرتے ۔

ان میں وکٹیں لینے کا جوش وجذبہ پایاجاتا ہے ۔حالیہ دنوں کے دوران ان کا فٹنس بھی کافی اچھارہا ہے ۔انہوں نے آسٹریلیا،انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں اچھے کھیل کامظاہرہ کیا۔دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن تنڈولکر نے حال ہی میں دیئے گئے اپنے انٹرویو میں سراج کی کافی ستائش کرتے ہوئے کہا تھا کہ سراج میں کافی اعتماد ہے ۔جب وہ میچ کی آخری گیند کرنے کے لئے آتے ہیں تو یہ محسوس ہی نہیں ہوتا کہ یہ میچ کی آخری گیند ہے کیونکہ جس طرح میچ کی پہلی گیند کے وقت ان میں جذبہ ہوتا ہے وہی جذبہ ان میں میچ کی آخری گیند کے موقع پر بھی دیکھاجاتا ہے ۔سراج کو ونڈے سیریز میں حالیہ دو سالوں سے جگہ نہیں مل پائی تھی۔انہوں نے ٹسٹ سیریز میں اپنے مسلسل نمایاں مظاہرہ کی بنیاد پر اب ونڈے سیریز میں بھی جگہ بنائی ہے جن سے تمام کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔