ممبی ۔ بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان نے والد سلیم عبدالرشید خان نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو مسجد کی ضرورت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے بابری مسجد کا فیصلہ مندر کے حق میں سنانے کے بعد پروڈیوسر و اسکرپٹ رائٹر سلیم خان نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو مسجد کی ضرورت نہیں ہے اور 5 ایکڑ زمین پر مسجد کے بجائے مسلمانوں کے لیے اسکول بنانا چاہیے۔
سلیم خان نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو مسجد کی نہیں بلکہ اسکول اور تعلیم کی ضرورت ہے کیونکہ نماز تو ہم کہیں بھی پڑھ سکتے ہیں، جہاز میں، ٹرین میں، زمین پر کہیں بھی پڑھ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو بہتر اسکولوں کی ضرورت ہے، اگر 22 کروڑ ہندوستانی مسلمانوں کو تعلیم ملے گی تو اِس سے ہندوستان کی بہت سی خامیاں دور ہو جائیں گی۔
بھارت کے مسلمان ایودھیا کے تنازعے پر بات نہیں کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنے بنیادی مسائل کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں اور امن کے لیے حل نکالنا چاہتے ہیں، سلیم خان نے کہا کہ اِسی وجہ سے میں نے یہ مشورہ دیا ہے کہ 5 ایکڑ زمین پر مسجد نہیں بنائی جائے بلکہ اسکول، دواخانہ اور کالج تعمیر کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اسلام کی دو خوبیاں محبت اور مغفرت ہے، لہٰذا مسلمانوں کو اِن دو فضیلتوں پر قائم رہنا چاہیے، محبت ظاہر کیجئے، معاف کیجئے اور سب کچھ بھول کر آگے بڑھیں۔
سلیم خان نے کہا کہ ایودھیا تنازعے کے فیصلے کے بعد بھی ہندوستان میں امن قائم ہے جسے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور میں دِل سے سپریم کورٹ کے اِس فیصلے کو قبول کرتا ہوں۔واضح رہے کہ ہفتے کو سپریم کورٹ کی جانب بابری مسجد، رام مندر تنازعے کا فیصلہ سنایا گیا تھا جو رام مندر کے حق میں تھا جبکہ مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کےلئے 5 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔