دبئی: دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز کی ٹیم جس نے مسلسل پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے وہ اتوار کو کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں آئی پی ایل کے پلے آف میں اپنی دعویداری مضبوط کرنے اترے گی جبکہ پنجاب کا ہدف اپنی امیدوں کو برقرار رکھنا ہوگا۔ ممبئی نے پچھلے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنمنٹ میں لگاتار پانچویں کامیابی اپنے نام کرلی جبکہ پنجاب نے کرو یا مرو کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی آٹھ میچوں میں چھ جیت اور دو شکستوں کے ساتھ12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سرفہرست ہے ، جبکہ پنجاب کی ٹیم آٹھ میچوں میں دو جیت ، چھ شکست کے ساتھ چار اور پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں مقام پرہے۔
اگر ممبئی کی ٹیم پنجاب کے خلاف کامیابی حاصل کرلیتی ہے تو آخری چار میں پہنچنا تقریبا یقینی ہوجائے گا جبکہ پنجاب کے لئے اب ایک بھی شکست اس کا پلے آف میں پہنچنے کا خواب توڑسکتی ہے ۔ پنجاب کے پاس چھ میچ باقی ہیں اورآخری چار تک پہنچنے کی امیدوں زندہ رکھنے کے لئے سبھی میچ جیتنے ہوں گے ۔ممبئی نے کولکتہ کے خلاف زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں کولکتہ کو بے بس کیا تھا ۔ ممبئی کو پنجاب کے خلاف اپنی فارم کو برقرار رکھنا ہوگا کیونکہ پچھلے میچ میں پنجاب کے بیٹنگ آرڈر نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
پنجاب کے سامنے کوئنٹن ڈی کاک ، روہت شرما ، سوریا کمار یادو، کیرن پولارڈ اور ہاردک پانڈیاکا چیلنج ہوگا جو شاندار فارم میں ہیں اور مسلسل بہترین مظاہرہ کررہے ہیں۔پنجاب کے بولروں کو ممبئی کو روکنا ہوگا جس سے وہ بڑا اسکور نہ بنا سکے ۔ پنجاب کی طرف سے کپتان لوکیش راہول اور مینک اگروال پر ٹیم کو ایک مرتبہ پھر مضبوط شروعات دلانے کی ذمہ داری ہوگی۔ ممبئی کو کرس گیل کو روکنا ہوگا جنہوں نے بنگلور کے خلاف پہلے ہی مقابلے میں53 رنزکی اننگز کھیلی ہے۔ پنجاب کو بولنگ میں اصلاح کی ضرورت ہے ۔ پنجاب کے پاس اس مقابلے میں جیت حاصل کرکے پچھلی شکست کا بدلہ لینے کا بہترین موقع ہوگا۔