Thursday, April 24, 2025
Homeاقتصادیاتمودی کا دورۂ سعودی عرب ، توانائی، شہری ہوابازی، طبی مصنوعات، دفاعی...

مودی کا دورۂ سعودی عرب ، توانائی، شہری ہوابازی، طبی مصنوعات، دفاعی و سلامتی تعاون کو منظم کرنے کے لئے معاہدے

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ ٔ سعودی عرب کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔یہ دورہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر عمل میں آیا۔سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کی باہمی دلچسپی کے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے اسٹراٹیجک کونسل کے قیام کے سلسلے میں اہم کردارادا کرنے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

 مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے اسٹراٹیجک شراکت کونسل کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ہندوستان اور سعودی عرب نے اسٹراٹیجک شراکت کے استحکام کے لئے مل جل کر کام کرتے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔سعودی عرب اور ہندوستان نے حالیہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے عوام میں میل ملاپ ، سیاسی ، اقتصادی ، سلامتی ، دفاعی اور افرادی قوت کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیا ۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرکے اندرونی امور میں کسی بھی طرح کی مداخلت کو پوری قوت سے مسترد کردیا۔ شام سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2254کی پرزور تائید کا اعادہ کیا۔ یمن کا بحران ، خلیجی فارمولے، یمنی قومی مکالمے کی قراردادوں اور سلامتی کونسل کی قراردادنمبر2216کےمطابق حل کرنے کی تائید کی ۔
دونوں ممالک نے امیدظاہر کی کہ فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب فارمولے کے مطابق حل ہو فلسطینی عوام کے جائز حقوق ، 1967 ءکی سرحدوں میں خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو اور بیت المقدس اس کا دارالحکومت بنایا جائے۔

دونوں ممالک نے بحر ہند اور خلیج کے علاقے میں آبی گزر گاہوں کی امن وسلامتی کو یقینی بنانے کے ضامن انتظامات میں حصہ لینے سے بھی اتفاق کیا ۔دونوں ممالک نے اس بات پر زو ردیا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی تمام اقوام و ممالک کے لیے خطرہ ہیں۔ اس خطرے کو کسی مذہب یا نسل یا ثقافت سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ہندوستان  نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کی جبکہ فریقین نے انسداد دہشت گردی کے عالمی مرکز کے ساتھ زیادہ گہرے تعاون کا مطالبہ کیا۔نریندرمودی کے دورہ مملکت کے موقع پر توانائی، شہری ہوابازی، طبی مصنوعات، دفاعی و سلامتی تعاون کو منظم کرنے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ علاوہ ازیں کئی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے‘‘ روپے ’’ کارڈ کے اجرا کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔

یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورہندوستانی  وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کے نئے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے۔اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے ارکان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر گورنر ریاض بھی موجود تھے۔

مذاکرات میں شاہ سلمان کی معاونت گورنرریاض شہزادہ فیصل بن بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سمیت دیگر سعودی حکام نے کی، جبکہ نریندر مودی کی معاونت کے لیے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سیکریٹری خارجہ وجے کیشو اور سعودی عرب میں متعین ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید ، حیدرآباد سے ہفت روزہ گواہ کے مدیر ڈاکٹر فاضل حسین پرویز  اور کئی دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔
ہندوستانی  وزیراعظم نے شاہی خاندان کے افراد، وزراءاور عسکری شعبوں کے کمانڈروں سے ملاقات کی۔ نریندر مودی نے سعودی عرب کے دورے اور شاہ سلمان سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے مودی  اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا ا ہتمام کیا۔

مودی سے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے ملاقات کی۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان تعاون کے مختلف پروگراموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد القصبی، سیکریٹری پیٹرولیم و گیس ڈاکٹر عابد السعدون ، سیکریٹری بین الاقوامی تعلقات و عالمی تعاون بندر السجان اور نئی دہلی میں سعودی سفیر ڈاکٹر سعود الساطی بھی موجود تھے۔

نریندر مودی سے متعدد سعودی وزراء نے ملاقاتیں کی ہیں جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔سعودی پریس ایجنسی میں جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق مودی سے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان نے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم کی قیام گاہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر مثبت مذاکرات ہوئے۔

علاوہ ازیں مودی سے سعودی وزیر ماحولیات، زراعت اور پانی انجینئر عبد الرحمن الفضلی نے بھی ملاقات کی ہے اور ماحولیات کے علاوہ زراعت کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔نریندر مودی سے وزیر محنت و سماجی فروغ انجینئراحمد الراجحی نے بھی ملاقات کی ہے اور سعودی عرب میں ہندوستانی محنت کشوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔