Tuesday, June 10, 2025
Homeٹرینڈنگمودی کا قوم سے خطاب ،غریب عوام پھر نظر انداز

مودی کا قوم سے خطاب ،غریب عوام پھر نظر انداز

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے پیش نظر ملک کے عوام سے لاک ڈاون کے دوران گھروں پر ہی رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گھر سے باہر نہیں جانا ہی اس بیماری سے بچنے کا واحد متبادل ہے لیکن بہتر حکمت عملی کا فقدان اورغریب عوام کی زندگی بند سے جومتاثر ہوگی اس پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ کانگریس نے مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے غریبوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ مودی نے قوم کے نام خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر 21دن گھروں کے اندر لاک ڈاون کے دوران اس وائرس کی چین کو نہیں توڑاگیا تو ملک 21سال پیچھے چلا جائے گا۔

مودی نے کہاکہ کورونا وائرس کے بارے میں آپ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ کیسے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس بیماری نے بے بس کردیا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ان کے پاس وسائل نہیں ہیں لیکن کورونا وائرس کے علاج کا ایک واحد راستہ سماجی دوری یعنی ایک دوسرے سے دور رہنا، اپنے گھروں میں بند رہنا ہے۔ کورونا وائرس سے بچنے کا اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔اس وائرس کی سائکل کو توڑنا ہی ہوگا۔ کانگریس نے کہا کہ پورا ملک وزیراعظم نریندرمودی کی مکمل لاک ڈاون کی درخواست ماننے کو تیار ہے لیکن مودی کو بتانا چاہئے کہ ان غریبوں کے21 دن کیسے کٹیں گے جو دہاڑی پر اپنا پیٹ پالتے ہیں۔

کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے وزیراعظم کے قوم کے نام خطاب کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ عزت ماب مودی جی، ملک تو لاک ڈاون کی ہر درخواست مانے گا۔ لیکن آپ نے کورونا وبا کو روکنے کے لئے کیا کیا ہے۔ طبی عملہ کی حفاظت کیسے ہوگی۔انہوں نے مودی سے سوال کیا کہ کورونا سے پیدا ہوئے روزی روٹی کے بڑے بحران کا حل کیا۔ غریب، مزدور، کسان، دکاندار، دہاڑی مزدور کے 21دن کیسے کٹیں گے۔

 وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے سنگین خطرے کے تئیں لوگوں کو ہوشیار کرتے ہوئے کہاکہ وہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل کریں اور کچھ دنوں تک گھر سے باہر نکلنا بھول جائیں کیونکہ جان ہے تو جہان ہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کی لاپرواہی کچھ لوگوں کی غلط سوچ، آپ کو آپ کے بچوں کو، آپ کے والدین کو آپ کے خاندان کو، آپ کے دوستوں کو پورے ملک کو بہت بڑی مشکل میں جھونک دے گی۔ مودی نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے اس کے علاوہ کوئی طریقہ نہیں ہے، کوئی راستہ نہیں ہے۔ اس وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے تو اس کی سائکل کو توڑنا ہی ہوگا۔ معاشرہ کے لوگ ایک دوسرے سے الگ رہیں گے تو یہ بیماری بھی ان سے دور رہے گی۔

مودی کے اس فیصلے پر تنقید کی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے 21 دنوں کا لاک ڈان کا اعلان کردیا لیکن انہوں نے عوام کو یہ نہیں بتایا کہ جو ڈاکٹرس کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کررہیں ان کی حفاظت کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟ غریب عوام کی بینادی ضروریات جن میں دودھ ، ترکاریاں ، اجناس اور ادویات کی فراہمی کا کیا انتظام کیا گیاہے اس کا کوئی اعلان نہیں ہوا ۔لاک ڈان کے دوران سڑکوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے پولیس والوں کےلئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں اس کے بارے میں مودی نے کچھ نہیں کہا۔