Thursday, April 24, 2025
Homesliderمودی کی اولمپئین  سے چائے پر ملاقات

مودی کی اولمپئین  سے چائے پر ملاقات

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرکو اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ہندوستانی اولمپک دستے اور ٹوکیو اولمپکس کے میڈلس جیتنے والوں سے چائے پر ملاقات کی۔وزیر اعظم نے ایک دن پہلے لال قلعہ پر منعقدہ 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں کھلاڑیوں کو مدعو کیا تھا۔ اپنی تقریر میں مودی نے کھلاڑیوں کی تعریف کی اور ملک سے ان کی ستائش کرنے کی اپیل کی۔

ہندوستانی دستے نے ٹوکیو میں ریکارڈ سات میڈلس جیت کر لندن اولمپکس میں اپنے پچھلے بہترین کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ جیولن پھینکنے والے نیرج چوپڑا نے13 سال کے وقفے کے بعد ہندوستان کو پہلا اولمپک گولڈ میڈل دلایا۔ مودی نے خاص طور پر نیرج سے علیحدہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر کھینچوائیں۔ وزیر اعظم نے کشتی میں سلور اور برونزمیڈل جیتنے والی ہندوستانی ریسلنگ ٹیم کے ساتھ بھی علیحدہ سے ملاقات کی۔ روی نے سلور اور بجرنگ نے ٹوکیو میں برونز میڈلجیتا۔ٹوکیو میں41 سال کے طویل وقفے کے بعد برونز میڈل جیتنے والی ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے لیے بھی مودی کے ساتھ ملاقات یادگار رہی۔

 ہندوستانی کپتان منپریت سنگھ نے مودی کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ ہاکی اسٹک پیش کی۔مودی نے برونز میڈل جیتنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور خاتون باکسر لولینا بورگوہین سے بھی ملاقات کی۔ سندھو نے اولمپک میں سلور میڈل اور ٹوکیو میں جیتے گئے برونز میڈل مودی کو دکھائے ۔ اس موقع پر سندھو کو خصوصی طور پر آئس کریم دی گئی۔

یادرہے کہ گزشتہ روز ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اپنے سالانہ خطاب میں مودی نے کھلاڑیوں کی ستائش کی تھی ۔وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر کی جانے والی اپنی تقریر کے دوران ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کیلئے میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی ستائش کی ۔ نیرج چوپڑا ، پی وی سندھو ، نیرابائی چانو 75 ویں یوم آزادی کی تقریب کے دوران لال قلعہ میں موجود تھے ۔ مودی نے کہا کہ ہمیں ان نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے جنہوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ۔