امپھال ۔ ٹوکیواولمپک میں سلور میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے والی خاتون ویٹ لفٹرمیرابائی چانو کا اپنی آبائی ریاست منی پورکے بیرٹکیندرجیت بین الاقوامی ایرپورٹ پر زبردست استقبال کیاگیا جبکہ میرابائی اس دوران اپنی ماں سے مل کر پھوٹ پھوٹ کر روپڑیں۔ریاست کے چیف منسٹر این بیرین سنگھ نے میرابائی کا ایرپورٹ پراسقبال کیا۔ دہلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کی طرح یہاں بھی میڈیا عہدیداراوراپنی ہردل عزیزکھلاڑی کی ایک جھلک کے لئے کھیل کے مداحوں کی بھاری بھیڑ تھی۔
چانو نے گزشتہ ہفتہ خاتون 49 کلوگرام زمرے میں سلورمیڈل جیت کرنئی تاریخ رقم کی تھی۔ میرابائی اپنی ماں اونگبی لیما اور والد کرتی متئی سے گلے مل کر پھوٹ پھوٹ کر روپڑیں۔ سیکیورٹی گارڈز نے ان کے چارو طرف ایک دائرہ بنایا تھا۔ایرپورٹ سے وہ منی پور حکومت کے ذریعہ منعقدہ اعزازی تقریب میں حصہ لینے پہنچیں جسے چیف منسٹر کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ چیف منسٹر این بیرین سنگھ نے پیرکو یہ اعلان کیا تھا۔ میرابائی چانو کو ان کی ریاست منی پورمیں پولیس کے محکمہ میں ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (کھیل) مقررکیا جائے گا۔
چیف منسٹر ٰ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت میرابائی کو ایک کروڑروپے دے گی جیسا پہلے اعلان کیاگیا تھا۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اولمپئن جوڈوکا سشیلا دیوی کو کانسٹیبل سے ترقی دے کرکے سب انسپکٹر بنایا جائے گا۔ انہوں نے دہرایا کہ ریاست سے اولمپک میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو فی کس25 لاکھ روپے دئے جائیں گے ۔ چیف منسٹرٰ نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ ریاستی حکومت نے ریاست میں عالمی سطح کی ویٹ لفٹنگ اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔چیف منسٹر کی جانب سے دی جانے والی اعزازی دعوت میں میرابائی کے پیزا کھانے کی تصویر سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہورہی ہے جس پر صارفین کے دلچسپ تبصرہ بھی آرہے ہیں۔