دبئی ۔اب جبکہ رواں سال 2019 کے اختتام میں آخری چند ایام باقی رہ گئے ہیں اور دنیا بھر میں نئے سال 2020 کا خیرمقدم کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں تو ایسے میں تجارتی دنیا کا مرکز تصور کیا جانے والا علاقہ دبئی کسی سے کیسے پیچھے رہ سکتا ہے لہذا دبئی میں نئے سال کا خیر مقدم کرنے اورنئے سال کا جشن منانے والوں کو پرتعیش تقریب کےلئے حالات سازگار کئے جارہے ہیں ۔ جہاں نئے سال کی رات ایک ڈنر تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار روپئے کا ہوگا۔
دبئی میں نئے سال 2020 کی تقریبات کے لیے ہوٹلوں میں بکنگ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ بکنگ کے نرخ 400 فیصد سے زیادہ بڑھا دیے گئے۔خصوصاً ان مقامات پر ہوٹلوں کے نرخ ہوشربا حد تک بڑھ گئے جہاں سے آتشبازی اور دبئی کے منفرد مقامات کے مناظر قریب سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ بیشتر ہوٹل صد فیصد تک بک ہوچکے ہیں۔دیگر تفصیلات کے مطابق جمیرا ساحل پر واقع ہوٹل کے وی آئی پی ریستوران میں فی کس ڈنر کے نرخ9000 درہم (ہندوستانی روپیوں کے اعتبار سے 173772.88 روپئے ) ہیں۔ نخلتہ جمیرا میں ڈنر آفر 1200 سے 3300 درہم کے درمیان ہے۔
شعبہ سیاحت کے مدیران نے کہاہے کہ دبئی کے بیشتر ہوٹلوں نے نئے سال کی تقریبات کی تیاری پہلے سے شروع کردی تھی اور اب بکنگ کا آغاز کردیا گیا تھا۔ ریستورانوں کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ہے۔ اماراتی باشندے اور مقیم غیر ملکی بھی نئے سال کی تقریبات ہوٹلوں میں منانے کے عادی ہوچکے ہیں۔ دبئی میں تفریحی سرگرمیاں اور تقریبات کا لطف اٹھانے کے لیے لوگ دل کھول کر خرچ کرتے ہیں۔
دبئی کے بعض ریستورانوں نے 12 برس سے کم عمر کے بچوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رکھے ہیں۔ کئی ہوٹلوں نے سات افراد پر مشتمل گروپ کے الگ سے پیکیج جاری کیے ہیں۔ بعض ہوٹلوں نے ایک رات ہوٹل میں گزارنے کے لیے مکمل پیکیج پیش کیا ہے۔کھانوں کے حوالے سے پیکیج مختلف ہیں۔ڈاؤن ٹاؤن میں فائیو سٹار ہوٹلوں کے ریستورانوں اور خلیفہ ٹاور کے منفرد مناظر کے قریب ریستورانوں کے نرخ فی کس چار ہزار درہم تک پہنچے ہوئے ہیں۔ بکنگ رات آٹھ بجے سے لے کر صبح تین بجے تک کی ہے، دیگر ریستورانوں کے نرخ گروپ بکنگ کے حوالے سے 700 درہم تک ہیں۔