چینائی : انگلینڈ کے خلاف ہفتہ کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کےلئے ہندوستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے جیسا کہ پہلے ٹسٹ میں امیدوں پر پورا نہ اترنے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم کا اخراج یقینی دکھائی دیتا ہے اور ان کے مقام پر آل راؤنڈر اکشر پٹیل کی شمولیت کے امکانات قوی ہے ۔ کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ روی شاستری نے تاحال دوسرے ٹسٹ کےلئے اپنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن امید کی جارہی ہے کہ کم از کم ایک تبدیلی ضرور ہوگی اور وہ ندیم کے مقام پر پٹیل کو شامل کیا جانا ہے ۔
شہباز ندیم نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں چار وکٹ کو ضرور لئے ہیں لیکن اس کےلئے انہوں نے 59 اوورس میں 233 رنز دیئے ہیں اور چار رن فی اوور کے حساب سے انہوں نے حریف بیٹسمینوں کو رنز بنانے کا موقع دیا ۔ اس کے علاوہ ٹسٹ سطح پر 9نوبال بھی قابل معافی نہےں ہے کیونکہ ندیم ایک اسپنر ہے، خود ندیم نے اس کا اعتراف کیا ہے ۔ واشنگٹن سندر نے 26 اوورس میں 98رنز دیئے تاہم پہلی اننگز میں انہوں نے شاندار نصف سنچری اسکور کی ۔
علاوہ ازیں فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی گیند پر روی چندرن اشون زخمی ہوئے تھے لیکن ہندوستانی خیمے میں خوشخبری ہے کہ اشون کے ہفتہ کے شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں شمولیت یقینی ہے ۔ دوسرے ٹسٹ کےلئے جو کٹ استعمال کی جائے گی اس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ پہلے ہی دن سے ٹرن لے گی ، چینائی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم کے کیوریٹر وی رمیش کمار نے کہا ہے کہ یہاں پہلے ہی دن سے اسپنرس کو مدد ملے گی ۔ وکٹ کی تیاری پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ جیسے ملک میں کرائسٹ چرچ کی وکٹ پہلے ہی دن سے اپنا برتاؤظاہر کرتی ہے تو پھر یہاں کیا مسئلہ درپیش ہے ۔