نئی دہلی۔ کھیلوں کے مرکزی وزیر کرن رجیجونے نشانہ بازی کے ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو میڈل پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے نشانہ بازوں سے انھیں میڈلس کی بہت امید ہے ۔ رجیجو کو اولمپک میں نشانہ بازی سے کافی امیدیں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ٹیم میں کئی میڈلس جیتنے کے دعویدار موجود ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے نشانہ بازی ٹیم سے کافی امیدیں ہیں ۔ ہم اولمپک میں سب سے بڑا دستہ بھیجنے والے ہیں۔ کچھ دنوں پہلے ہمارے ملک کے کھلاڑیوں نے ایتھلیٹکس میں اولمپک کے لئے کوالیفیائی کیا تھا اور مجھے امید ہے کہ آنے والے مقابلوں میں ہمارے مزید کھلاڑی اولمپک کے لئے کوالیفیائی کریں گے، اس لئے ہم پہلے ہی اولمپک کے لئے بھیجے گئے کھلاڑیوں کے پچھلے ریکارڈ کو عبورکرچکے ہیں۔ نشانہ بازی میں ہمارے پاس میڈل جیتنے کے لئے ایتھلیٹوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ہوگی اور ایک بہت بڑی ٹیم ہوگی ۔
آئی ایس ایس ایف نشانہ بازی ورلڈکپ میں خصوصی مہمان موجود تھے ۔ کرن رجیجو خواتین کے25 میٹر پسٹل مقابلے کے فائنل میچ دیکھنے کے لئے آج نئی دہلی کے ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں موجود تھے ۔ انہوں نے کامیاب ہونے والوں کو میڈلس پیش کئے ۔ اس مقابلے کے تینوںمیڈلس ہندوستان نے جیتے ، جس میں چنکی یادو نے گولڈ میڈل، راہی سرنوبت نے سلور اور منو بھاکر نے برونز میڈل جیتا ۔ اس سے پہلے نوجوان ہندوستانی نشانہ باز ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر نے مردوں کی 50 میٹر رائفل3 پوزیشن مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ایشوریہ کے میڈل کے ساتھ ہندوستان 9 گولڈ، 5 سلور اور5 برونز میڈلس کے ساتھ میڈل کی فہرست میں پہلے مقام پر موجود ہے ۔