حیدرآباد ۔ فونز کی دنیا میں اپنے وقت کا سب سے بڑا نام نوکیا کو اسمارٹ فون کی آمد کے بعد سرفہرست کمپنی کا موقف سیامسنگ اور ایپل کے لیے خالی کرنا پڑا حالانکہ اس نے وقتا فوقتا اسمارٹ فون کے شعبے میں اپنے بہترین پروڈکٹس کو متعارف کرتے ہوئے دوبارہ نمبر1 مقام حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم اسے وہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی جو کہ ماضی میں اسے حاصل تھی ،اس کے باوجود دنیا بھراور خاص کر ہندوستان کے صارفین میں ہنوز ایک گوشہ ایسا موجود ہے جو کہ نوکیا کے اسمارٹ فون کو پسند کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اس ہفتے نوکیا 8 سیریز کے علاوہ نوکیا 7 ، نوکیا 6 اور نوکیا 5 سیریز کے کچھ نئے ماڈلز متعارف کیے گئے ہیں جن کی قیمتوں میں بھی ہندوستانی صارفین کے پیش نظر تبدیلی کی گئی ہے جیسا کہ نوکیا 6.1 پلس فون کی قیمت 16,999 روپے رکھی گئی ہے جس میں 64 جی بی میموری دستیاب رہے گی ۔اسی طرح نوکیا 2.1 جو کہ عام صارفین کے لئے ابتدائی نوعیت کا فون ہے اس کی قیمت 5499 روپے رکھی گئی ہے ۔ ابتدائی سطح کے جو صارفین ہیں ان کے پیش نظر نوکیا نے اپنا نیا فون نوکیا 1 بھی متعارف کیا ہے جس کی قیمت صرف 3999 ہے ۔
مختلف طرز کے مذکورہ بالا موبائل فونز میں اینڈروئیڈ کی بہتر سے بہترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جیسا کہ آپریٹنگ سسٹم میں اینڈرائڈ 9 کا استعمال کیا گیا ہے ۔ کیمرے کے شعبے میں بھی بہترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے ۔ ہندوستانی صارفین کو آسان اقساط پر موبائل فون کی دستیابی کے لئے ایچ ڈی ایف سی بینک کے ساتھ فینانس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ جو افراد ہنوز نوکیا فونس کے دلدادہ ہیں ان کے لئے کمپنی کی جانب سے فراہم کئے جانے والے یہ نئے فون ایک نئی تبدیلی ثابت ہوں گے۔