نئی دہلی۔ ہندوستانی مینزکرکٹ ٹیم کے ٹرینر نک ویب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ انہیں 2019 میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ساتھ خود نک نے جمعرات کو اس کی تصدیق کی ہے ۔ نک نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا میں نے حال ہی میں بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ میں ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد معاہدے میں توسیع کامطالبہ نہیں کروں گا۔
نک نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ کورونا وبا کے پھیلاو کے بعد لگائی گئی پابندیوں کے باعث نیوزی لینڈ میں داخل ہونے اورباہر جانے میں دشواریوں کی وجہ سے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں رہاہے لیکن آخرکار مجھے اپنے خاندان کوترجیح دینی پڑی۔ ملک میں داخل ہونے کے خواہش مند نیوزی لینڈ کے شہریوں کے لئے موجودہ کورونا پابندیاں بنیادی وجہ ہیں، حالانکہ مستقبل میں ان پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے ۔ نک نے کہا ہے میرے خاندان سے دور 5-8 ماہ کے ممکنہ دورکے ساتھ آگے بڑھنے کی غیر یقینی صورتحال نے میرے لئے ٹی20 ورلڈکپ سے پہلے اسے غیرمستحکم بنادیا ہے ۔
نک نے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اورکوچ روی شاستری کو آخری بارسلام کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین کارکردگی کے لیے کوشاں ہیں اور اعلی پیشہ ورانہ معیار قائم کرتے ہیں۔ سمجھاجاتا ہے کہ نک کا استعفیٰ دینا ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستانی ٹیم کے معاون عملے میں ناگزیر تبدیلیوں کے مطابق ہے ۔ ہیڈ کوچ روی شاستری پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ان کا آخری معاہدہ ہوگا۔ ان کے ساتھ بولنگ کوچ بھرت ارون، فیلڈنگ کوچ آر سریدھر سمیت بیشتر دیگرکوچوں کی بھی مدت ختم کرنے کی توقع ہے ۔بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے نئے عملہ کی بھرتی کا عمل جلد شروع ہو نے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ کو اپنا معاون عملہ رکھنے کی مکمل آزادی ہوگی۔