آکلینڈ۔ پاکستان کو پہلے ٹی20 مقابلے میں نیوزی لینڈ نے5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی۔سیریز کے اس پہلے میچ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم9 وکٹوں کے نقصان پر153 رنز ہی بنا سکی۔ یہ نشانہ نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹ کے نقصان پر156 رنز بناکرپورا کرلیا۔
پاکستانی ٹیم کی اننگز کے اغاز میں نوجوان عبداللہ شفیق بغیرکوئی رنز بنا ئے پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان جیکب ڈفی نے یکے بعد دیگرے دوگیندوں پر محمد رضوان اور محمد حفیظ کو پویلین کی راہ دکھائی۔آگلے اوور میں اسکاٹ کگلیجن نے پاکستان کو ایک اور نقصان پہنچاتے ہوئے حیدر علی کی بھی وکٹ حاصل کر لیا۔شاداب خان اور خوشدل شاہ نے اسکور کو39 تک پہنچایا ہی تھا کہ ایش سودھی نے خوشدل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ شاداب کے عماد وسیم نے مل کر اسکور کو79 تک پہنچا یا لیکن اس مرحلے پر کگلیجن نے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلاتے ہوئے عماد کی 19رنز کی اننگز کو ختم کردیا۔
شاداب نے مشکل وقت میں 32 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے لیکن ڈفی نے چوتھے وکٹ حاصل کر کے انہیں بھی پویلین واپس روانہ کردیا ۔ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف18 گیندوں پر31 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستانی ٹیم150 رنز کا ہندسہ پار کرنے میں کامیاب رہی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی نے4 اورکگلیجن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کپتان شاداب خان نے خطرناک اوپنر مارٹن گپٹل کا بہترین کیچ لیا۔ اگلے اوور میں حارث روف نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے ڈیون کونوے کو اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین کی راہ دیکھائی ۔ 21رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ٹِم سیفرٹ اور گلین فلپس وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔65 کے مجموعی اسکور پر حارث روف نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان پہنچایا۔ٹم سیفرٹ نے مارک چیپ مین کے ہمراہ45 رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے57 رنز بنانے والے بیٹسمین کی اننگز پر روک لگادی۔
مارک چیپ مین نے وہاب ریاض کے ایک اوور میں 16 رنز بٹورکر اپنی ٹیم کی ہدف تک رسائی کو آسان بنا دیا لیکن اگلے اوور میں34 رنز بنانے ولاے حارث کا تیسرا وکٹ بن گئے ۔وہاب ریاض نے ایک اور اوور میں15 رن دے کر میچ کو نیوزی لینڈ کی جھولی میں ڈال دیا اور ان کے اگلے اوور میں مچل سینٹنر نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو7 گیندوں قبل ہی کامیابی سے ہمکنارکرا دیا۔