سڈنی۔ ہندوستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ونڈے میں 51 رنز سےکامیابی درج کرنے کے بعد آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ نے کہا تھا کہ انھیں نہیں لگتا کہ ڈیوڈ وارنر تیسرے اور آخری ونڈے کے لئے دستیاب ہوں گے لیکن بعد ازاں وارنر کی طبی رپورٹ کے بعد انہیں سیریز کے باقی حصہ سے باہر ہوجانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔دوسرے ونڈے میں کامیابی کے ساتھ ہی آسٹریلیائی نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
ہندوستانی بولرز کو ایک بار پھر سخت محنت کرنا پڑی اور اس کے نتیجے میں میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 389 کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا۔ اسٹیو اسمتھ نے 104 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 83 رنز بنائے۔ ہندوستان کےلئے صرف ویرات کوہلی (89) اور کے ایل راہول (76) نمایاں تھے۔ آسٹریلیائی ٹیم نے 51 رنز سے آسان کامیابی کے ساتھ سیریز بھی سمیٹ لی۔ اس موقع پر کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرنے والے میزبان کپتان فنچ نے وارنر کی فٹنس کے بارے میں کہا کہ ساتھی اوپنر کے فٹنس کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ (وارنر) تیسرے ونڈے کےلئے دستیاب ہوں گے ۔ ڈیویڈ نے جس طرح سے کھیل کھیلا یہ ناقابل یقین تھا ۔پھر اسمتھ نے لگاتار دو سنچریاں اسکور کی وہ ناقابل یقین ہے جس نے دونوں ٹیموں کےدرمیان اصل فرق پیدا کیا ۔
یاد رہے کہ وارنر کو تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ونڈے میں تکلیف پہنچنے کی وجہ سے اسکین کیا گیا ہے ۔ وارنر نے ہندوستانی اننگز کے دوران گیند کا پیچھا کرتے ہوئے چھلانگ لگائی جس سے زخمی ہوئے ۔ یہ واقعہ ہندوستانی اننگز کے چوتھے اوور میں پیش آیا جب شکھر دھون نے گیند کو مڈ آف کی طرف کھیلا جہاں وارنر نے گیند کو روکنے کے لئے ایک چھلانگ لگائی تھی ۔ تب ہی وارنر کچھ تکلیف میں دکھائی دیئے۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو آسٹریلیا کے فزیو کی مدد سے میدان سے باہرلیجانا پڑا۔ وارنر کے باہر ہونے کےعلاوہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو بھی محدود اوورس کی سیریز کے باقی حصہ کےلئے بھی آرام دیا گیاہے اور امید کی جارہی ہے کہ 17 ڈسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں ان کی واپسی ہوگی ۔