دبئی: رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی جمعرات کوکنگز الیون پنجاب کے خلاف اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں جبکہ پنجاب کے کپتان لوکیش راہول پچھلی شکست کو بھلاکر واپسی کے ارادے سے میدان میں اتریں گے۔ پنجاب کو سوپر اوور میں دہلی کیپٹلز کے خلاف ٹورنمنٹ کے اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بنگلور نے اپنے پہلے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو شکست دی ہے۔
کوہلی آٹھویں مرتبہ آئی پی ایل میں بنگلور کی کپتانی کر رہے ہیں اور تین سیزن کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ان کی ٹیم نے ٹورنمنٹ میں فاتحانہ آغازکیا۔ پچھلے تین سیزن میں کوہلی کی ٹیم اپنا پہلا میچ گنوا بیٹھی تھی لیکن بنگلور نے جس طرح سے آئی پی ایل 13 کا آغاز کیا ہے اس سے ٹیم کو یقینا بہت حوصلہ ملا ہوگا۔کوہلی کے سامنے دوسرے میچ میں پنجاب کی ٹیم ہوگی جس نے دہلی کیپٹلز کے خلاف اپنے میچ میں جیت کے مواقع ضائع کئے تھے اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پنجاب مقررہ اوورز میں میچ ختم کرسکتا تھا لیکن89 رنز بنانے والے مینک اگروال آخری اوور کی آخری تین گیندوں پر کامیابی کےلئے درکار رنز بنا نہیںسکے ۔ مینک پانچویں گیند پر آؤٹ ہوئے ،چھٹی گیند پر ایک اور وکٹ گرنے جانے سے اسکور ٹائی ہوگیا۔ خود کپتان راہول بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور21 رنز بنائے تھے ۔ دوسرے میچ میں راہول کو ویراٹ کوہلی کی ٹیم بنگلور کے خلاف ایک بڑی اننگزکھیلنی ہوگی تاکہ ٹیم کا حوصلہ بلند رہے ۔دہلی کے خلاف میچ میں پنجاب کے لئے مینک اگروال نے شاندار اننگز کھیلی اور 89 رنز کی اننگز نے ٹیم کو فتح کی دہلیز کے قریب کردیا لیکن مینک کو سمجھنا ہوگا کہ اتنی بڑی اننگز کھیلنے کے بعد میچ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ خراب شاٹ کھیل کر وکٹ کھونے کی۔