حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے رکن اسمبلی ایس رامالنگاریڈی علالت کے سبب جمعرات کی اولین ساعتوں میں شہر حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں چل بسے۔ان کی عمر57تھی۔پسماندگان میں بیوی کے علاوہ ایک فرزند اور ایک دختر شامل ہیں۔وہ دوباک اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔گذشتہ چند دنوں سے صحت کے مسائل کے سبب وہ گذشتہ ہفتہ ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کروائے گئے تھے جہاں انہوں نے علاج کے دوران آج صبح آخری سانس لی۔
چار مرتبہ کے رکن اسمبلی و سابق صحافی نے 2004میں دوباک اسمبلی حلقہ سے پہلی مرتبہ اسمبلی میں نمائندگی کی تھی۔2008کے ضمنی انتخاب میں وہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔2018کے اسمبلی انتخابات میں بھی وہ منتخب ہوئے۔ان کی لاش آخری رسومات کے لئے دوباک منڈل منتقل کردی گئی۔ان کی موت کی اطلاع پر دوباک اسمبلی کے افراد سکتہ میں آگئے۔وہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے کافی قریبی سمجھے جاتے تھے جنہوں نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک میں سرگرم حصہ لیا تھا۔ان کی موت پر وزیراعلی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ٹی آرایس کے بیشتر لیڈران اور وزرا نے بھی ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔