Saturday, May 10, 2025
Homeٹرینڈنگٹینس میں میچ فکسنگ ، کئی نامور کھلاڑیوں کی گرفتاری

ٹینس میں میچ فکسنگ ، کئی نامور کھلاڑیوں کی گرفتاری

- Advertisement -
- Advertisement -

برلن ۔ جرمنی میں ایک مشہور ٹینس اسٹار کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ گرفتاری میچ فکسنگ کی تحقیقات کے دوران کی گئی ہے، جس ٹینس اسٹار کو گرفتار کیا گیا اس کا شمار ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 30 کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ اس بات کا انکشاف روسی خبر رساں ادارے آرٹی  نے کیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ملک جرمنی ٹینس کی میچ فکسنگ کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کر رہا ہے، حکام کو یقین ہے کہ اس فکسنگ اسکینڈل میں 135 کھلاڑی  شامل ہیں۔ جرمنی ٹینس فکسنگ کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں شبہ کیا جا رہا ہے اس میں آرمینیا مافیا کا بڑا گروپ شامل ہو سکتا ہے، گرفتار کیے گئے ٹینس اسٹار کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس نے درجنوں خطابات بھی جیتے ہیں۔جرمن میڈیا کے مطابق تحقیقات کو ایک سال سے زائد ہو گیا ہے، اس دوران بلجیم، اسپین، فرانس اور امریکہ سمیت دیگر ممالک میں بھی کارروائی کی گئی۔

بلجیم میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ایرک بشپ نے  کہا ہے کہ جس گروپ کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہے اس کا تعلق آرمینیا مافیا ہے جو میچ فکسنگ کے حوالے سے بہت بڑا گروپ ہے اس کے پنجے یورپ سمیت بڑے ممالک میں بھی ہیں۔ارجنٹائن کے کھلاڑی مارکو ٹرنگیلٹی ، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے انہوں نے آئی ٹی ایف کو میچ فکسنگ کے معاملے پر آگاہ کیا تھا انہو ں نے  کہا ہے کہ اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ فکسنگ چھوٹے پیمانے  پر نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر ہوئی ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے وہ ٹینس کے 50 بہترین عالمی کھلاڑی ہیں۔

علاوہ ازیں ٹینس انٹیگریٹی یونٹ نے رواں سال کے دوران تقریباً بیس کھلاڑیوں پر پابندی لگائی ہے، ان میں مرد سمیت خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ رواں سال جنوری کے دوران اسپین کی پولیس نے ایسے 15 افراد کو گرفتار کیا تھاجن کا تعلق آرمینین گینگ سے تھا اور وہ فکسنگ میں ملوث تھے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک اسپین کا  کھلاڑی تھا، جس کا نام مارک فرنول میسٹریس ہے جبکہ اس وقت 80 کے قریب لوگ زیر تفتیش ہیں۔جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی تفتیش کانتیجہ آئندہ چند ماہ کے دوران نکل آنے کا امکان ہے۔