مختلف امریکی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم 400ہندوستانی طلباء نے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی کے طلباء کے خلاف پولیس کے وحشیانہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے،اس حر کت کو ”انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی“قرار دیا ہے۔انہوں نے مر کزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طورپر پولیس کی بربریت کو روکیں یا استعفیٰ دیں۔
منگل کو جاری کئے گئے طلباء اور سابق طلباء کے دستخطوں اور یونیورسٹیوں کے ناموں پر مشتمل ایک تفصیلی بیان میں،انہوں نے دونوں ہندوستانی یونیورسٹیوں کے شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف ”پر امن طریقے سے“ احتجاج کرنے والے طلباء کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاہے جس،ے انہوں نے غیر آئینی اور امتیازی سلوک“قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ”یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس اور نیم فوجی دستوں،دونوں نے جامعہ اور اے ایم یو میں،ہندوستان کے آئین اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت تحفظات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلباء مظاہرین کے خلاف تشدد اور غیر قانونی اور لا پر واہی کے ہتھکنڈوں پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی کے احاطے میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے داخلے،کیمپپس کے اندر اندھا دھند حملوں،لائبریریوں میں آنسو گیس کے گولے داغے جانیں اور شہریوں طلباء کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کو قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اس حقیقت کی روشنی میں مزید دیکھا گیا کہ اس ظلم و بر بریت کا نشانہ بننے والے زیادہ تر مسلمان تھے۔ہندوستانی طلباء نے آسام میں مظاہرین کے خلاف ہونے والے تشدد کی مذمت کی،جہاں پولیس کی گولی سے دو نابالغ لڑ کوں سمیت پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔چیف جسٹس آف انڈیا کی جانب سے مظاہروں کو ”فسادات‘ قرار دینے والے بیان پر تشویش کا اظہار کیا۔
بیان میں پولیس کے ذریعہ تشدد کو فوری ختم کرنے اور دہلی پولیس،اتر پردیش پولیس اور سی آر پی ایف کے اختیارات کے ناجائز استعمال کی فوری تفتیش کا مطالبہ کیا گیا ہے۔انہوں نے طلباء مظاہرین سے مطالبہ کیا کہ وہ پر امن انداز میں اپنے حقوق کے لئے احتجاج جاری رکھیں۔
بیان جاری کرنے والے طلباء مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھتے ہیں،مثلاًپارورڈ یونیورسٹی،کولمبیا یونیورسٹی،ییل یونیورسٹی،نیو یارک یونیورسٹی،اسٹینفورڈ یونیورسٹی،مشی گن یونیورسٹی،شکاگو یونیورسٹی،براؤن یونیورسٹی،جارج ٹاؤن یونیورسٹی،پنسلوانیہ یونیورسٹی،تفٹس یونیورسٹی،ہاپکنس یونیورسٹی،کارنیل یونیورسٹی،میسا چوٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی،یونیورسٹی آف کیلی فورنیا،برکلے پرڈیو یونیورسٹی،کارنیگی میلن یونیورسٹی،یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیااور یونیورسٹی آف ایلی نوس شامل ہیں۔