Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگچارمینار یونانی دواخانےکے قرنطینہ سے سینکڑوں افراد کی گھرواپسی

چارمینار یونانی دواخانےکے قرنطینہ سے سینکڑوں افراد کی گھرواپسی

قرنطینہ کے دوران نمازوں اور تلاوت قرآن کے ساتھ دعاؤں کا اہتمام

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔اس وقت جبکہ ہندوستان کا سارا قومی میڈیا نظام الدین  کے تبلیغی مرکز کو ملک میں کورونا وائرس کے پھیلنے کا اصل ذمہ دار قرار دینے کی ایک سازش رچ چکا ہے لیکن کئی علاقوں سے ایسی مثبت خبریں موصول ہورہی  ہیں جن میں نظام الدین کا سفر کرنے والے سینکڑوں افراد کی رپورٹ منفی آنے کے علاوہ انہیں قرنطینہ سے گھر جانے کی اجازت بھی مل رہی ہے اور ایسی ہی ایک اہم خبر حیدرآباد سے بھی جہاں نظام الدین کا سفر کرنے والے 200 سے زیادہ افراد کو قرنطینہ سے آزادی ملی ۔

حیدرآباد کی تاریخی عمارت چارمینار کے دامن میں موجود چارمینار یونانی دواخانے میں 200 سے زیادہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جن میں 6 افراد کی معائنہ رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد انہیں گاندھی دواخانے منتقل کردیا گیا لیکن باقی افراد کو یہاں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جنہیں آج گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔

قرنطینہ سے گھر واپس جانے والے  محمد ابرار احمد (نام تبدیل) نے میڈیا نمائندے سے اظہار خیا ل کرتے ہوئے کہا کہ یہاں 200 سے زیادہ افراد کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کےلئے رکھا گیا تھا جن میں کچھ لوگ بیرونی ممالک سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔قرنطینہ میں گزارے گئے اوقات اور یہاں فراہم کاجانے والی سہولیات کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریاست چیف منسٹر کے سی آر ،مقامی رکن پارلیمنٹ اور دیگر سیاسی لیڈروں نے جس طرح کے انتظامات دواخانے میں فراہم کئے وہ اطمینان بخش ہیں جبکہ چند ایک کمیوں کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے ۔

 انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ کے دنوں میں پولیس،ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کا برتاؤ کافی اچھا رہا اور کھانے کےلئے صحت بخش غدائیں دی گئی ۔قرنطینہ میں  ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہاں نماز اور قرآن کریم کی تلاوت کی اجازت بھی تھی اور کئی کمروں میں چند دنوں کے دوران ہی تکمیل قرآن حکیم کےعلاوہ اس وبا سے دنیا کو راحت ملنے کےلئے دعائیں بھی کی گئیں۔ علاوہ ازیں قرنطینہ میں سماجی دوری کا خاص خیال رکھا گیا ۔اس موقع پر جبکہ قرنطینہ میں موجود سینکڑوں افراد کو گھر جانے کی اجازت دی گئی تو انکے افراد خاندان انہیں گھر لے جانے کے لئے یہاں موجود تھے ۔دواخانے سے گھر واپسی کے مناظر کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی عوام نے خوشی کا اظہار کیا کرنے کے علاوہ ویڈیوز پر تبصرے کرنے کےساتھ انہیں اپنے دوست احباب میں شئیر کئے۔