ممبئی ۔ تین مرتبہ کی چیمپین چینائی سوپر کنگس اور راجستھان رائلس آج کھیلے جانے والے مقابلہ میں اپنی پہلی کامیابی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہو گی۔ دونوں ٹیموں نے آئی پی ایل 2021 کے اپنے ابتدائی مقابلوں میں ناکامیوں کے بعد دوسرے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی مہم کو بہتر سمت میں لایا ہے۔ ایم ایس دھونی کی زیر قیادت چینائی سوپر کنگس نے پنجاب کنگس کے خلاف ایک آسان کامیابی حاصل کی جبکہ راجستھان رائلس نے دہلی کیپٹلس کے خلاف آخری اوور میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں اس کامیابی کو حوصلے بلند کرنے والی کامیابی کے طور پر اختیار کرتے ہوئے آج دوسری کامیابی کے لئے کوشاں ہوں گی۔
خاص طور پر چینائی سوپر کنگس کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی اپنی ٹیم کے مظاہروں سے مطمئن ہوں گے کیونکہ پہلے مقابلے میں دہلی کے خلاف ہوئی شکست کے بعد ٹیم پر تنقید کی جارہی تھی۔ پنجاب کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں دیپک چہر نے 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کیا تھا۔ پنجاب کے خلاف بھی چہر نے 6 وکٹوں کی کامیابی کے لئے بنیاد رکھی۔ مہیندر سنگھ دھونی اپنے بولروں کے مظاہروں سے کافی مطمئن ہوں گے کیونکہ انہوں نے دہلی کے اوپنر شکھر دھون اور پرتھوی شا کے خلاف ناقص مظاہروں کے بعد دوسرے مقابلے میں بہترین مظاہرہ کیا اور خاص طور پر چہر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 106 رنز تک محدود رکھا جسے چینائی نے بغیر کسی مشکل سے آسانی سے حاصل کرلیا۔ چینائی سوپر کنگس چہر کے ساتھ اسی طرح کے مظاہرہ کی امید کررہی ہے اور ساتھ ہی سام کرن، شردول ٹھاکر اور دیگر بولروں سے بھی اسی طرح کے مظاہرے کی امید ہے۔
چینائی کے لئے خوشخبری ہے کہ جنوبی افریقہ کے اس کے فاسٹ بولرس لنگی نیگڈی قرنطینہ سے باہر آچکے ہیں اور وہ ٹیم کو دستیاب ہیں۔ قطعی 11 کھلاڑیوں میں لنگی کی شمولیت سے فاسٹ بولنگ شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔ انگلینڈ کے آل راؤڈر معین علی ان دنوں بہتر مظاہرے کررہے ہیں اور ٹیم کو امید ہے کہ اسپنرس کے لئے سازگار وکٹ پر وہ وکٹیں حاصل کریں گے۔ فاف ڈوپلسی نے گزشتہ مقابلہ میں ناقابل تسخیر 36 رنز اسکور کئے لیکن وہ اپنے مکمل رنگ میں دکھائی نہیں دیئے۔ سریش رائنا کی آمد نے سی ایس کے کے حوصلے بلند کئے ہیں اور ٹورنمنٹ میں واپسی پر ہی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے انہوں نے کھلاڑیوں کے حوصلے مستحکم کئے ہیں۔ ردراج گائکواڈ اور امبتی رائیڈو کو ایک بہتر اننگز کی ضرورت ہے۔ پنجاب کے خلاف دھونی کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا لیکن ان سے بھی ایک بہتر مظاہرہ کی امید کی جارہی ہے۔
دوسری جانب راجستھان رائلس دہلی کیپٹلس کے خلاف ملنے والی کامیابی کو مزید آگے لیجانے کے لئے کوشاں ہو گی حالانکہ اس نے پنجاب کے خلاف ہمالیائی اسکور کا کامیاب تعاقب کیا تھا لیکن اسے قریبی 4 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ کپتان سنجو سامسن نے پہلے مقابلہ میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو تنہا کامیابی کے قریب تک پہنچا دیا تھا جبکہ جوز بٹلر اور ڈیویڈ ملر سے ایک اور برق رفتار اننگز کی امید کی جاسکتی ہے۔ راجستھان خواہاں ہے کہ اس کا ٹاپ آرڈر ایک ساتھ بہتر مظاہرہ کرے۔ تجربہ کار فاسٹ بولر جئے دیو انڈکڈ نے ٹیم میں اپنی موجودگی کی اہمیت کا اندازہ کرلیا ہے۔ جیسا کہ انہوں نے گزشتہ مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیا جبکہ نوجوان بولر چیتن سکاریا نے بھی امیدیں ظاہر کی ہیں۔ تجربہ کار مورس اور مستفیض الرحمن کا بھی اہم رول ہوگا۔