شارجہ: مستقل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی چینائی سوپر کنگز اگر ممبئی انڈینز کے خلاف جمعہ کو شکست کھاتی ہے تو وہ آئی پی ایل سے باہر ہوجائے گی ۔ دوسری جانب ممبئی کی پلے آف کے لئے اپنا موقف مستحکم کرنے پر نگاہ ہو گی۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چینائی نے افتتاحی میچ میں ممبئی کو شکست دے کر آئی پی ایل کی شاندار شروعات کی تھی لیکن اس کے بعد سے چینائی کی کارکردگی میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے ۔ چینائی اس وقت دس میچوں میں تین جیت ، سات شکستوں اور چھ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اور آخری مقام پر ہے ۔
اگر چینائی اس میچ میں ناکام ہوتی ہے تو اس کا سفر ختم ہوجائے گا۔ کپتان دھونی نے راجستھان رائلز کے خلاف آخری میچ کے بعد اعتراف کیا کہ اس سیزن میں ان کا سفر قریب قریب ختم ہوچکا ہے ۔ اگر شارجہ کے چھوٹے گراؤنڈ میں ہونے والے افتتاحی میچ کی طرح چینائی ممبئی کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو اس کے لئے کچھ امید ہوگی۔ چینائی کو اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لئے باقی چار میچ جیتنے ہیں اور باقی ٹیموں کے نتائج پر بھی نگاہ رکھنا ہوگی لیکن اس کے لئے اسے راجستھان کے خلاف آخری میچ کی کارکردگی پر قابو پانا ہوگا۔
چینائی نے راجستھان کے خلاف بہت خراب بیٹنگ کرتے ہوئے 125 رنز بنائے تھے ۔ دھونی کو اس مایوس کن مظاہرے پر قابو پانا ہوگا اورٹیم کو متحرک کرنا ہوگا ورنہ ایک عظیم کپتان کو آئی پی ایل سے غمزدہ رخصت ہونا پڑے گا۔دوسری جانب ممبئی کے کپتان روہت شرما کو دوسرے سوپر اوور کی شکست کے بعد کنگز الیون پنجاب کے خلاف اپنے آخری میچ سے واپسی کرنی ہوگی۔ ممبئی کے اب نو میچوں میں چھ فتوحات، تین شکست سے 12 نشانات ہیں اور پلے آف میں پہنچنے کے لئے باقی پانچ میچوں میں سے دو فتوحات کی ضرورت ہے ۔
ممبئی اور پنجاب میچ کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں پہلی بار دوسرے سوپر اوور میں گیا۔ پنجاب کی سنسنی خیز جیت ہوئی تھی جبکہ ممبئی کو سوچنا پڑا کہ انہوں نے کہاں غلطی کی ہے ۔ ممبئی کامیابی کی راہ پر واپس آنے کی کوشش کرے گی کیونکہ وہ اب تک اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سرفہرست 2 ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے ۔