تمل ناڈو منتظر ہے کہ آپ وزیر اعلی کی حیثیت سے تاریخ رقم کریں گے۔ پر فیسر قادر محی الدین
تروچی: انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ڈی ایم کے پارٹی صدر ایم کے اسٹالن کو پارٹی صدر کے طور پر دو سال مکمل کرنے اور تیسرے سال میں قدم رکھنے پر انڈین یونین مسلم لیگ کی طرف سے مبارکباد پیش کیا ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادرمحی الدین نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر ایم کروناندھی جو ہمیشہ تمل ناڈو کے عوام کے دلوں میں ہیں ان کے اور پریار، انا، قائد ملت اسماعیل ؒ صاحب کے نقش قدم پر ایم کے اسٹالن چلتے آرہے ہیں۔
تمل اور تمل ناڈو کے عوام کی فلاح و بہبودی کیلئے انتھک محنت کرنے والے ڈی ایم کے پارٹی صدر ایم کے اسٹالن کیلئے میری تمنا ہے کہ وہ اسی انداز اور رفتار میں اپنی خدمات انجام دیتے رہیں۔ تمل ناڈو کے عوام آپ کے وزیر اعلی بننے کے منتظر ہیں، کیونکہ آپ کی سربراہی میں تمل ناڈو کے لوگوں کی پریشانیاں کم ہوجائیں گی۔ ایم کے اسٹالن نے اپنے والد ایم کروناندھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک پروگرام ‘اپنی مدد آپ ‘کے ذریعے تمل ناڈو کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات کیا ہے اور وہ ان کے مسائل اور افکار کو پوری طرح جانتے ہیں۔ ایم کے اسٹالن میں زراعت، تجارت، تعلیم اور معیشت جیسے تمام شعبوں کو تبدیل کرنے اور تمل ناڈو میں تاریخ رقم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
صحیح نظریہ، واضح سوچ، محتاط انتظامیہ، سب سے خوش دلی سے ملنے اور غریبوں کے دکھوں کو دور کرنے والے اور قومی اتحاد کے علمبردار ایم کے اسٹالن کیلئے میری خواہش ہے کہ ان کا سیاسی سفر ایک صد سالہ سفر مکمل کرسکے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے لوگوں کی زندگی کو ترقی ملنے،اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف حاصل ہونے، جمہوریت کے نظریے کو جمہوری انداز میں نافذ کرنے کیلئے تمل ناڈو کے عوام منتظر ہیں کہ آپ کل کے وزیر اعلی کی حیثیت سے تاریخ رقم کریں گے۔