جوہانسبرگ۔ جنوبی اوریقہ کے سابق کپتان ای بی ڈی ولیرس کی ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں غیر معمولی بیٹنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کے کروڑہا چاہنے والے کرکٹ شائقین موجود ہیں جن کے لئے یہ خبر کسی تحفہ سے کم نہیں کہ ڈی ولیرس کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) کے ڈائرکٹر گرائم اسمتھ نے اشارہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے علاوہ تجربہ کار لیگ اسپنر عمران طاہر اور آئی پی ایل 2021 میں مہنگے ترین کھلاڑی ثابت ہونے والے آل راؤنڈر کریس موریس کی بھی واپسی ہورہی ہے۔ تفصیلات کے بموجب ڈی ولیرس کے ہمراہ لیگ اسپنر عمران طاہر اور آل راؤنڈر کریس موریس کو ماہ جون میں دورہئ ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے کہ جو دراصل آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے جنوبی افریقی ٹیم کی تیاری کا منصوبہ ہے۔
دوسری جانب ایسی ہی تفصیلات کی تصدیق ویسٹ انڈیز کرکٹ کی جانب سے بھی ٹوئٹ کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ڈائرکٹر گرائم اسمتھ نے جون کے مہینہ میں اپنی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی توثیق کی ہے اور اس دورہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹسٹ اور 5 ٹی 20 مقابلے کھیلے جائیں گے جن کے لئے مقامات کا ہنوز فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم یہ توثیق کردی گئی ہے کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی ٹیم میں سابق کپتان اے بی ڈی ولیرس کے علاوہ لیگ اسپنر عمران طاہر اور آل راؤنڈر کریس موریس بھی شامل رہیں گے۔ حالیہ دنوں میں جنوبی افریقی ٹیم کے مظاہرے بین الاقوامی سطح پر انتہائی مایوس کن رہے جیسے کہ حالیہ اختتام پذیر ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں میزبان جنوبی افریقہ کو پاکستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جس کے بعد ٹیم کے انتخاب اور موجودہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگایا گیا تھا اور یہ امید کی جارہی تھی کہ ٹیم کے اہم کھلاڑی جو دنیا بھر کے ٹی 20 لیگس میں شاندار مظاہرے کررہے ہیں انہیں افریقی ٹیم میں واپس طلب کیا جائے گا۔
سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ڈی ولیرس نے 2018 میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کی تھی اور اپنا 15 سالہ کیریئر ختم کیا تھا لیکن 37 سالہ ڈی ولیرس نے حالیہ دنوں میں آئی پی ایل کے دوران ایک مقابلہ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کرنا ایک شاندار تجربہ ہوگا۔ یہ دراصل افریقی ٹیم کے کوچ مارک باؤچر کی جانب سے ڈی ولیرس کی رواں برس ٹی 20 ورلڈ کپ میں واپسی کا اشارہ دینے پر مثبت جواب تھا۔ باؤچر جو کہ ڈی ولیرس کے ساتھی کھلاڑی بھی ہیں اور اس وقت وہ ٹیم کے کوچ ہیں جنہوں نے ایک ماہ قبل ہی ڈی ولیرس کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا اشارہ دیا تھا۔ ڈی ولیرس آئی پی ایل میں رائل چیلنجرس بنگلور کے مستقل کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی پی ایل 2021 کے معطل ہونے سے قبل ٹیم کی کامیابیوں میں شاندار بیٹنگ اور برق رفتار نصف سنچریوں کے ذریعہ نہ صرف کلیدی رول ادا کیا ہے بلکہ ایک سے زائد مرتبہ انہوں نے مین آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ڈائرکٹر گرائم اسمتھ کی جانب سے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے افریقی ٹیم میں ڈی ولیرس کی واپسی کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی جارحانہ بیٹسمین کے ہزاروں مداحوں نے اس خبر کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی ڈی ولیرس کی تصاویر شائع کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دینی شروع کی ہے۔ رائل چیلنجرس بنگلور کے لئے جارحانہ اور کئی ایک اختراعی اسٹروکس کھیلنے والے ڈی ولیرس کی واپسی کی خبر نے ان کے شائقین کو آج جشن کا موقع فراہم کیا ہے۔ آئی پی ایل کے سب سے زیادہ معروف اور شائقین میں مقبول کھلاڑیوں کی فہرست میں ڈی ولیرس کا نام ہمیشہ ہی سرفہرست رہا ہے۔ ڈی ولیرس کے نام آئی پی ایل کے علاوہ بین الاقوامی سطح کی کرکٹ میں کئی ریکارڈس درج ہیں جس میں خاص کر ونڈے، ٹسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میں تیز رفتار سنچریوں اور نصف سنچریوں کا بھی ریکارڈ ان کے نام درج ہے۔ یاد رہے آئی پی ایل میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی ولیرس کے علاوہ کریس موریس، عمران طاہر، وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک، فاسٹ بولروں کی جوڑی کگیسو ربادا اور نورٹ جے مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہ تمام کھلاڑی ہندوستانی شائقین میں کافی پسند کئے جاتے ہیں۔