حیدرآباد : کانگریس پارٹی نے منگل کو کارپوریٹ اسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین سے زائد بلنگ کے ذریعہ ”منظم لوٹ مار“کا الزام لگایا۔تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کی اقلیتوں کے محکمہ کے چئیرمین شیخ عبد اللہ سہیل کی سربراہی میں،حیدرآباد کانگریس اقلیتی محکمہ کے چئیرمین سمیر ولی اللہ،رنگا ریڈی ضلع چئیرمین محمد ریاض اور دیگر سمیت کانگریس رہنماؤں کی ٹیم نے اسپتالوں میں زائد رقم وصول کرنے کی شکایت پر، منگل کو بنجارہ ہلز میں واقع ”ورنچی اسپتال“ کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اسپتال کے حکام سے ملاقات کی اور ان سے باقائدہ خدمات کے لئے زائد رقم وصول کرنے کے اسباب کی وضاحت کرنے کو کہا۔تاہم حکام نے کانگریس کے رہنماؤں سے چار دن کا وقت مانگا اور یقین دلایا کہ اگر ان سے غلطیاں ہو ئی ہیں تو اس کی اصلاح کریں گے۔
بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عبد اللہ سہیل نے کہا کہ ورنچی واحد اسپتال نہیں ہے،جس پر الزام لگایا جا رہا ہے۔بلکہ زیادہ بل وصول کرنے کی شکایت تمام کارپوریٹ اور نجی اسپتالوں کے تعلق سے آرہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کارپوریٹ اسپتال تمام تمام اصولوں اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مریضوں کو لوٹ رہے ہیں،اور مریضوں اور ان کے لواحقین کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔
کانگریس کے رہنما نے مریضوں اور آؤٹ پیشنٹوں کے لئے ایک ہی دوا کی مختلف قیمتیں رکھنے پر کارپوریٹ اسپتالوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ”چونکہ عام لوگ میڈیکل بلوں کو آسانی سے سمجھنے سے قاصر ہیں لہذا کارپوریٹ اسپتال ان کی لاعلمی کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔
عبد اللہ سہیل نے کارپوریٹ اسپتالوں پر الزام عائد کیا کہ وہ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔اور غیر انسانی اور سفاکانہ انداز میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ اسپتالوں کے حد سے زیادہ بلوں نے ہزاروں خاندانوں کو تباہ کر دیا ہے۔جن لوگوں نے اپنے بچوں کی تعلیم یا اپنی بیٹی کی شادی کے لئے پیسے بچائے تھے،انہوں نے اسپتالوں کے بلوں کی ادائیگی کے لئے خرچ کیا۔
کانگریس قائد نے مزید کاہ کہ ”تلنگانہ حکومت کارپوریٹ اور نجی اسپتالوں کو با قائدہ بنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ”قوائد کے مطابق تمام اسپتالوں میں نمایا ں جگہ پر ٹیریف کارڈ ڈسپلے کرنے کی ضرورت ہے۔مگر نہ ہی اس پر اسپتال عمل پیرا ہیں
،اور نہ ہی ریاستی حکومت ان کے خلاف کو ئی کارروائی کر رہی ہے۔ریاستی حکومت سرکاری اسپتالوں میں سہولیات اور ھالات میں بہتری نہیں لا رہی ہے۔جس کے نتیجے میں،اکثر لوگ،خاصکر متوسط طبقے کے لوگ،نجی یا کارپوریٹ اسپتالوں میں جانے کے لئے مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کی جانب سے اس طرح کے استحصا ل کو کانگریس پارٹی کبھی برداشت نہیں کرے گی۔بصورت دیگر ”ہیلتھ کئیر مافیا“ کے خلاف زمینی اور آن لائن دونوں سطح پر زبردست احتجاج شروع کیا جائے گا۔