نئی دہلی ۔ پنجاب اسمبلی انتخابات سے پہلے سابق صدرگیانی ذیل سنگھ کے پوتے سرداراندرجیت سنگھ نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیارکی اورکانگریس پر الزام لگایا کہ ان کے دادا کی گاڑی کو جان بوجھ کر حادثے کا شکار بناکر ان کا قتل کروایا کیاگیا تھا۔یہاں بی جے پی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے جنرل سکریٹری اور پنجاب کے انچارج ڈاکٹر دُشینت گوتم اور مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے اندرجیت سنگھ کو پارٹی کا لباس دیکر خوش آمدید کہا اور رکنیت کی پرچی ان کے حوالے کی۔
اس موقع پر اندرجیت سنگھ نے کہا کہ آج ان کے آنجہانی داداکی خواہش کئی سال کے بعد پوری ہوئی ہے ۔ ان کی وفاداری کے باوجود کانگریس نے ان کے ساتھ جو سلوک کیا اس سے وہ دلبرداشتہ تھے ۔ انہوں نے کہا میرے دادا چاہتے تھے کہ میں بی جے پی میں شامل ہوجاوں۔ انہوں نے مجھے اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی سے آشیرواد لینے کے لیے بھیجا تھا۔
اندرجیت سنگھ نے کانگریس قیادت پر سنسنی خیز الزام لگایا کہ1994 میں ان کے دادا اور سابق صدرگیانی ذیل سنگھ کی گاڑی کسی سازش کی وجہ سے جان بوجھ کرحادثہ کا شکار ہوگئی تھی ، جس کے بعد علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔قابل ذکر ہے کہ صدر بننے کے بعد بھی گیانی ذیل سنگھ جب بھی پنجاب کے آس پاس ہوتے تھے ، آنند پور صاحب کا دورہ کرنا نہیں بھولتے تھے ۔ بعد میں1994 میں ان کی گاڑی تخت سری کیش گڑھ صاحب جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی ، انہیں علاج کے لیے چنڈی گڑھ پی جی آئی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی تھی ۔
آپریشن بلیوا سٹار اور پوسٹل بل سمیت کچھ مسائل پراس وقت کی کانگریس قیادت کے ساتھ ان کے اختلافات چھپے نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ دادا نے اس وقت کے تجربہ کار لیڈر مدن لال کھرانا کے ساتھ دہلی میں کئی ریلیوں میں شرکت کی لیکن اس وقت پارٹی میں شامل نہیں ہوئے ۔ بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا کے تئیں اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان کی دعوت پر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں اور پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی وہ اسے پوری لگن کے ساتھ نبھائیں گے ۔