حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں جمعہ کو ایک سڑک حادثہ میں چار افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار جس میں وہ لوگ سفر کر رہے تھے مناکنڈور میں ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ کار میں سوار چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، پانچواں شدید طور پر زخمی ہوا اور اسے کریم نگر قصبہ کے ایک دواخانہ میں داخل کروایا گیا۔
ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے متاثرین کھمم ضلع کے کلورو سے کریم نگر میں اپنے ایک رشتہ دار جس کا حال ہی میں انتقال ہو گیا تھا اس کے پدا کرما کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے ۔ یہ سبھی جمعرات کی صبح ضلع کھمم سے روانہ ہوئے تھے اور رسم میں شرکت کے بعد جمعرات کی رات کریم نگر سے روانہ ہوئے۔ انسپکٹر کرشنا ریڈی نے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 3.30 بجے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ڈرائیور کو نیند آگئی جس کی وجہ سے وہ گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا۔ مرنے والوں کی شناخت کوپلا سری نواس راؤ، کوپلا بالاجی، سری راجو اور ڈرائیور جالندھر کے طور پر ہوئی ہے۔ سرینواس راؤ زخمی ہو ا ہے ۔ پولیس نے لاشوں کو کار سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے کریم نگر کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔
خاندان میں جو پہلے ہی اپنے ایک رشتہ دار کے گزجانے کے غم میں تھا اسے اب مزید 4 افراد کی جدائی کا غم ہے ۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہےکہ سدی پیٹ ۔حیدرآباد ۔کریم نگر کو جوڑنے والی شاہ راہ کافی شاندار طریقہ سے ترقی یافتہ بنائی گئ ہے جس پر گاڑیوں کی رفتار گزشتہ چند برسوں میں کافی بڑھ گئی ہے جس نے حادثات کی تعداد میں بھی کا فی اضافہ کیا ہے ۔دوسری جانب ماہرین نے تجزیاتی مطالعہ سے یہ نتائج اخذ کئے ہیں کہ حادثات کی کثرت صبح کی اولین ساعتوں میں ڈرائیوروں پر نیند کے غلبہ کی وجہ سے ہوئی ہیں ۔