Tuesday, April 22, 2025
Homeبین الاقوامیکورونا وائرس کا مریض صحت یاب ہوگیا

کورونا وائرس کا مریض صحت یاب ہوگیا

- Advertisement -
- Advertisement -

کراچی ۔ دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس کے پھیلنے اور اموات کی وجہ سے عوام میں خوف پایاجارہاہے لیکن اس دوران ایسی مثبت خبریں بھی آرہی ہیں جہاں اس مہلک بیماری کے مریض صحت یاب ہوکر دواخانوں سے اپنے گھر واپس جارہے ہیں۔پاکستان میں سامنے آنے والا کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہو گیا ہے اور حکام کے مطابق اسے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ یہ مریض کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مریض کی صحت یابی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ٹاسک فورس، مریض اور اس کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ہے۔پاکستان میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ تک پہنچ گئی تھی جو اب پانچ رہ گئی ہے۔وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 22 سالہ مریض کا کامیابی سے علاج کیا گیا جس کے بعد ان کا کورونا کا ٹسٹ کروایا گیا جو منفی آیا لہذا انہیں دواخانہ سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ایران کے سفر سے واپس آئے اس نوجوان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور یہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ تھا جسے کراچی کے آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج رکھا گیا تھا۔

کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد مریض کے اہلِ خانہ کے بھی معائنے کراچی کے ڈاؤ ہسپتال میں کرائے گئے تھے جومنفی آئے تھے۔کچھ دن پہلے بھی محکمہ صحت سندھ نے بیان جاری کیا تھا کہ آغا خان ہسپتال میں داخل مریض کی حالت سنبھل چکی ہے اور وہ تیزی سے صحتباب ہو رہا ہے۔اس وقت کراچی میں کورونا وائرس کے مزید دو مریض زیر علاج ہیں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں اس مہلک مرض کے تین مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وائرس کے نئے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کا چھٹا مریض سندھ میں ہے اور اس کی صحت بہتر ہے، مریض کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔قبل ازیں ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پانچویں معاملے کی تصدیق ہوگئی ہے اور یہ معاملہ وفاقی دارالحکومت میں سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ 26 فروری کو سامنے آیا تھا جب ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہاتھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ سندھ اور دوسرا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سامنے آیا۔یاد رہے کہ کورونا وائرس  کی وجہ سے مجموعی طور پر دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد3.5 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات چین اور اس کے بعد ایران میں واقع ہوئی ہیں۔